تیونس: صدر کی عدلیہ پر سخت گرفت کے بعد احتجاجی مظاہرے

تیونس،فروری۔تیونس کے صدر نے اپنے ایک حکم نامے سے خود ہی بہت سے عدالتی اختیارات حاصل کر لیے۔ وہ اب اپنی مرضی سے ججوں کی تقرری اور برطرفی کر سکتے ہیں۔ دارالحکومت تیونس میں اس کے خلاف ہزاروں شہریوں نے مظاہرہ کیا ہے۔تیونس میں اتوار کے روز علی الصبح شائع ہونے والے ایک متنازعہ صدارتی حکم نامے کے بعد ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ ملک کے صدر قیس سعید نے ایک نیا جوڈیشل واچ ڈاگ قائم کر کے عدلیہ سے متعلق تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں لے لیے ہیں۔ اس کے تحت انہیں ایسے تمام اختیارات حاصل ہو گئے ہیں کہ جس سے وہ بذات خود ججوں کی برطرفی، ان کی ترقی اور تقرری کے مجاز ہیں۔گزشتہ برس ملکی پارلیمان تحلیل کرنے کے بعد سے ہی صدر قیس مختلف اداروں پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے ساتھ ہی اپنے اقتدار کو مستحکم کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور اب انہوں نے عدالتی اختیارات بھی حاصل کر لیے ہیں۔ صدر کے تازہ حکمنامے کے سامنے آنے کے بعد ہی دارالحکومت تیونس میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور اس کے خلاف مظاہرہ کیا۔ بہت سے مظاہرین قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ہی نعرے بازی کر رہے تھے۔ مظاہرین نے بعض ایسے پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا، ”عدلیہ کو ہاتھ مت لگائیں!” جبکہ ایک اور بینر پر لکھا تھا، ”ہماری جمہوریت کو بچاؤ!”صدر نے عدلیہ کی سپریم کونسل کو برخاست کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کونسل کے سربراہ یوسف بو زخار نے اس حکم نامے کو، ”غیر آئینی قرار دیا جو عدلیہ کی آزادی کی ضمانتوں کو ختم کرتا ہے۔”جمعرات کو قیس سعید نے کہا تھا کہ وہ ایسا حکم نامہ جاری کرنے جا رہے ہیں جس سے عدلیہ کی اعلیٰ کونسل مکمل طور پر تحلیل ہو جائے گی۔ یہ ججوں کی نگرانی کرنے والا ایک اہم قانونی ادارہ ہے اور صدر سے بالکل الگ آزادانہ طور پر کام کرنے والے باقی بچے آخری اداروں میں سے ایک تھا۔ ان کے اس اعلان کے بعد ججوں اور وکلاء نے پیلس آف جسٹس کے باہر احتجاج کیا۔ ادھر ایک نئے حکم نامے میں عدلیہ کے ارکان کو احتجاجی کارروائی میں حصہ لینے سے بھی روک دیا گیا ہے۔صدر کے حکم کے مطابق اب 21 ارکان پر مشتمل ایک ”عارضی سپریم جوڈیشل کونسل” قائم کی جائے گی۔ اس میں نو اراکین کی تقرری خود صدر کے ذریعے ہو گی اور ان سب کو ”عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے” حلف بھی اٹھانا ہو گا۔خبروں کے مطابق انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹ کے ریجنل ڈائریکٹر سعید بن عربیہ نے بتایا کہ اس حکم نامے کی مدد سے، ”عدلیہ کو ایگزیکٹو کے ماتحت کام کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔”بن عربیہ کا کہنا ہے، ”اگر اس پر عمل درآمد ہوتا ہے، تو یہ تیونس میں عدالتی آزادی اور اختیارات کی علیحدگی کے نظام کو پوری طرح سے ختم کر دے گا، اور اس کے ساتھ ملک میں جمہوری عمل کا تجربہ بھی ختم ہو جائے گا۔”گزشتہ برس جولائی میں تیونس اس وقت ایک آئینی بحران میں پھنس گیا تھا جب صدر قیس سعید نے ملک کی پارلیمنٹ کو معطل کر دیا۔ انہوں نے موجودہ وزیر اعظم کو برطرف کرتے ہوئے ایگزیکٹو کے تمام اختیارات خود ہی حاصل کر لیے تھے۔اس وقت صدر نے کہا تھا کہ ان کے، ”غیر معمولی اقدامات” کا مقصد تیونس کو تباہی سے بچانا ہے۔صدر کے حامیوں نے تیونس کے پورے سیاسی نظام کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے ان کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ ملک کو آمرانہ حکمرانی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

 

Related Articles