قطر کا ورلڈ کپ کیلئے آنے والے شائقین کی ٹینٹ میں میزبانی کا فیصلہ

دوحہ،جون۔قطر رواں سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں 12 لاکھ شائقین کی میزبانی کرے گا اور ان کی ایک ہزار روایتی ٹینٹوں میں ان کو ٹھہرانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کی اعلیٰ انتظامی کمیٹی میں رہائش کے انتظامات کے ذمے دار عہدیدار عمر الجبر نے بتایا کہ شائقین کو خیموں میں ٹھہرانے کے آپشن کی آئندہ دو ہفتوں میں آزمائش شروع کردی جائے گی۔انہوں نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ شائقین کو کیمپنگ کا مزہ دے گی ، ہم لوگوں کو روایتی بدوی انداز میں صحرا اور ٹینٹ کے تجربے سے لطف اندوز کرانا چاہتے ہیں، اس ٹینٹ میں پانی، بجلی اور باتھ روم کا انتظام بھی ہو گا البتہ شدید گرم موسم کے حامل اس ملک میں ٹینٹ میں ایئرکنڈیشنر کا کوئی انتظام نہ ہو گا۔عالمی کپ رواں سال 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں منعقد ہو گا اور یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ورلڈ کپ جون جولائی کے روایتی سیزن کے بجائے سردیوں کے موسم میں منعقد ہو رہا ہے۔سردیوں میں ایونٹ کے انعقاد کی وجہ کھلاڑیوں کو قطر کی شدید گرمی سے بچانا ہے کیونکہ اکثر کھلاڑی جون اور جولائی میں عرب ملک میں کھیلنے سے انکار کر چکے تھے جہاں اکثر درجہ حرارت 45ڈگری سے تجاوز کر جاتا ہے۔اس کے علاوہ 200 ٹینٹوں پر مشتمل ایک اور پرتعیش کیمپ الگ سے بھی لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور انہیں ’سی لائن‘ نامی ساحل کے کنارے لگایا جائے گا۔ملک میں رہائش کے حوالے سے غیرملکی مداحوں کے تحفظات کے حولے سے جواب دیتے ہوئے عمر الجبر نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے موقع پر رہائش کے لیے ایک لاکھ کمرے دستیاب ہوں گے۔ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کو یہ سہولت میسر ہو گی کہ وہ اپنی آسانی کے مطابق مخصوص ٹورنامنٹ ولیج، اپارٹمنٹ، ولاز، کیبن یا دو کروز پر رہائش لے سکتے ہیں۔الجبر نے بتایا کہ منتظمین ہوٹل کے کمروں کی بڑی تعداد پہلے ہی ٹیموں، ریفریز اور میڈیا کے لیے بْک کر چکے ہیں تاہم کوئی کمرہ خالی ہوا تو فیفا کی انتظامیہ اسے ہمارے سپرد کردے گی۔تاہم انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کمروں کی کمی نہیں پڑے گی کیونکہ بڑی تعداد میں ہوٹل زیر تعمیر ہیں جو جلد مکمل ہو جائیں گے۔

Related Articles