مذاق اڑانے، میمیز بنانے والے اپنا کام جاری رکھیں، مجھے اس سے مالی فائدہ پہنچ رہا ہے، ارچنا سنگھ

ممبئی،جون۔بالی ووڈ کی کامیڈی فلموں کی اداکارہ اور بھارتی ٹیلی ویڑن کے کامیڈی پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ میں جج کے حوالے سے معروف ارچنا پورن سنگھ نے کہا ہے کہ ان کا مذاق اڑانے اور میمیز بنانے سے وہ قطعی متاثر نہیں ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے والے اپنا یہ عمل جاری رکھیں، ان کے اس اقدام سے مجھے کافی مالی فوائد پہنچ رہے ہیں۔واضح رہے کہ بعض افراد نے سوشل میڈیا پر ان کے ہنسنے و دیگر انداز پر میمیز بنائے تھے۔ارچنا پورن سنگھ آج کل بھارتی اداکار و اینکر شیکھر سْمن کے ساتھ کامیڈی شو انڈیا لافٹر چیمپئن میں جج کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔میڈیا سے حال ہی میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکارہ نے کہا کہ وہ بھارت میں مزاح پر مبنی ٹیلنٹ پیش کرنے کی ہمیشہ کمی محسوس کرتی رہی ہیں، اب ایسا کرتے ہوئے وہ کافی پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ ان کا مذاق اس بنا پر اڑا رہے ہیں کہ وہ ہر لطیفے پر ہنستی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذہین اور تعلیم یافتہ شخصیت کی مالک ہیں اور جانتی ہیں کہ مزاح کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنی ذاتی زندگی میں مشکل ادوار کا بھی احاطہ کیا اور کہا کہ اس کے باوجود وہ کیمرے کے سامنے بطور پروفیشنل ہمیشہ مسکراتی ہیں۔

Related Articles