تاریخی برادرانہ تعلقات کے حوالے سے شاہ سلمان کا بحرین کے فرماں روا کے نام خط
ریاض،بحرین کے فرماں روا حمد بن عیسی آل خلیفہ نے اتوار کے روز منامہ میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ سلطان بن احمد بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔ قصرِ صافریہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا ایک تحریری خط بحرین کے فرماں روا کے حوالے کیا۔ یہ خط دونوں مملکتوں کے درمیان امتیازی نوعیت کے تاریخی برادرانہ روابط سے متعلق ہے۔ علاوہ ازیں اس میں اسلامی تعاون تنظیم کے سالانہ مشاورتی سربراہ اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے پیشگی تجویز اور مشترکہ دل چسپی کے دیگر امور شامل ہیں۔سعودی سفیر نے مملکت کے فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے بحرین اور اس کے عوام کے لیے ترقی اور نمو کے حوالے سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔اس موقع پر بحرین کے فرماں روا نے بھی سعودی سفیر کے ذریعے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کے لیے جوابی سلام اور برادر سعودی عوام کے لیے نیک تمناؤں اور مزید ترقی اور پیش رفت کی دعاؤں کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران شاہ حمد نے دونوں ملکوں ، ان کی قیادت اور برادر عوام کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات اور روابط کو گراں قدر قرار دیا۔ انہوں نے باور کرایا کہ بحرین اور سعودی عرب کے بیچ تعلقات مشترکہ تعاون اور گہری یک جہتی کی بنیاد پر قدیم تاریخ سے جاری و ساری ہیں۔شاہ حمد نے خطے کے امن و استحکام کے واسطے خادم حرمین شریفین کے زیر قیادت سعودی عرب کے اہم کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس سلسلے میں شاہ سلمان کے دانش مندانہ مواقف ، ویڑن اور انصاف و سلامتی کے واسطے نصرت کی تعریف کی۔