ایزی جیٹ گیٹ وک سے 200 سے زیادہ ہاف ٹرم پروازیں منسوخ کردے گا

لندن ۔ ایزی جیٹ اگلے 10 دن کے دوران گیٹ وک سے200سے زیادہ ہاف ٹرم پروازیں منسوخ کردے گا، اس فیصلے سے ہاف ٹرم تعطیلات منانے کیلئے بیرون جانے کی تیاری کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ائر لائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ 28مئی سے 6جون کے دوران گیٹ وک سے ایک دن میں24پروازیں منسوخ کی جائیں گی، مصروف اوقات میں بہتر سروس فراہم کرنے کیلئے پروازوں کی منسوخی ضروری تھی۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ ڈوور جانے سے پہلے تازہ ترین ایڈوائس ضرور دیکھ لیں۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ کینٹ میں بڑی تعداد میں مسافروں کی وجہ سے سڑکوں پر بہت زیادہ بھیڑ ہے جبکہ پی اور او اپنی فیریز پوری طرح نہیں چلا رہی ہے۔ ڈوور کینٹ ریسائلنس فورم کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح 750ٹرک قطار میں لگے ہوئے تھے اور اگرچہ مسافروں کو ترجیح دی جا رہی ہے لیکن درجنوں مسافر لندن کے سینٹ پنکراز اسٹیشن پر فرانس جانے کیلئے قطار میں کھڑے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے اتنی لمبی قطاریں کبھی نہیں دیکھیں لیکن کوئی بڑی گڑ بڑ نہیں ہوئی اور ڈزنی لینڈ، پیرس اور پیرس فٹبال دیکھنے جانے والی فیملیز اسٹیشن پر قطار میں لگی ہوئی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق سافٹ ویئر میں خرابی کی وجہ سے ایزی جیٹ کی 200پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، اس مسئلے کی وجہ سے پورے برطانیہ کے ائر پورٹس متاثر ہوئے، تاہم ایزی جیٹ کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منسوخی سے آئی ٹی کے مسئلے کا کوئی تعلق نہیں، پروازوں کی منسوخی کا سبب ائر ٹریفک کنٹرول کی پابندیاں، رن وے پر ہونے والے کام اور ائر پورٹ پر ہینڈلنگ میں تاخیر ہے۔ ایک بیان میں ائر لائن نے کہا ہے کہ پروازوں کی منسوخی کی اطلاع تاخیر سے دینے پر ہم معذرت خواہ ہیں، تاہم ہمیں یقین ہے کہ اس مصروف دور میں لوگوں کو معیاری سروس فراہم کرنے کیلئے یہ منسوخی ضروری تھی۔ مسافروں کوپروازوں کی منسوخی کی اطلاع دینے کے ساتھ ہی دوبارہ بکنگ کرانے یا ٹکٹ کی قیمت واپس لینے کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔ ائرلائن اب بھی روزانہ 1,700پروازیں چلا رہی ہے۔ہالیڈے کمپنی توئی نے برمنگھم، مانچسٹر اور لندن کے گیٹ وک ائر پورٹ سے 6پروازیں منسوخ کردیں جبکہ دیگر پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، ان سے براہ راست رابطہ کر کے ان کو 14دن کے اندر پوری رقم واپس کی جائے گی۔ توقع ہے کہ اختتام ہفتہ برطانوی ہوائی اڈوں سے 8,000پروازیں روانہ ہوں گی۔ موٹرنگ آرگنائزیشن آر اے سی نے سڑکوں پر بھیڑ بھاڑ سے متنبہ کرتے ہوئیامید ظاہر کی ہے کہ جمعہ اور اتوار کے درمیان 17.8ملین تفریحی دورے متوقع ہیں، اس سے پہلے چیمپئن لیگ کے مقابلے دیکھنے پیرس جانے والے لوگوں نے ڈوور پر لمبی قطاروں اور افراتفری کی شکایت کی تھی۔ مانچسٹر، اسٹینسٹیڈ اور برسٹل میں بھی مسافروں کی لمبی قطاریں لگنے کی اطلاعات دی گئی تھیں۔

Related Articles