امریکہ میں اسپتال، یونیورسٹی اور قبرستان میں فائرنگ، خاتون سمیت 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

واشنگٹن،جون۔امریکی ریاست اوکلاہوما کے اسپتال میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔اوکلاہوما پولیس حکام کے مطابق 2 پستولوں سے مسلح شخص نے ٹیلسا کے کیمپس میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔حملہ آورنے خود کو بھی گولی مارلی،پولیس نے موقع پرپہنچ کراسپتال کو گھیرے میں لے کر عوام کے لئے بند کردیا اوراسپتال کے متعدد فلورخالی کرالئے ، واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس نے حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی۔علاوہ ازیں نیو اورلینزکی یونیورسٹی کے اسکول میں تقسیم اسناد کی تقریب کے موقع پر کارپارکنگ میں 2 خواتین کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے کے دوران گولیاں چلنے سے 1 خاتون ہلاک جب کہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔امریکی میڈیا کے مطابقریاست نیو اورلینز کی زاویئر یونیورسٹی کے ایک اسکول کے کنووکیشن سینٹر میں تقسیمِ اسناد کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والی دو خواتین کے درمیان کار پارکنگ میں جھگڑا ہوگیا جس کے دوران گولیاں چل گئیں۔گولی لگنے سے ایک خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں جب کہ دو مرد شدید زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی طبیعت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 3 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے واقعے میں ہلاک اور گرفتار ہونے والے تینوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں بندوق کے تیزی پھیلاؤ سے فائرنگ کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس پر بندوق کی بآسانی دستیابی کے خلاف قانون سازی کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔دریں اثناامریکی ریاست وسکونسن کے ایک قبرستان میں فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے،امریکی میڈیا کے مطابق ریاست و سکونسن کے علاقے ریسین کے ایک قبرستان میں نامعلوم حملہ آور کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے وقت قبرستان میں ایک شخص کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں،مقامی حکام کے مطابق حملہ آورفرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا، حملہ آور کی تلاش جاری ہے اورپولیس نے عوام سے اس سلسلے میں معلومات شیئر کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

Related Articles