چھکے لگانا چاہتا ہوں اس لیے بیٹنگ پر توجہ دے رہا ہوں: شاہین آفریدی

کراچی،جون۔پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ چھکے لگانا چاہتے ہیں اس لیے بیٹنگ پر توجہ دے رہے ہیں۔شاہین شاہ آفریدی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم مکمل تیار ہے، گرم موسم کو قبول کرنا پڑے گا، فاسٹ بولرز لمبے اسپیلز نہیں کر سکیں گے لیکن مکمل تیار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ سیریز میرے لیے اہم ہے، تسلسل برقرار رکھنا چاہتا ہوں، جیسے پچھلا سیزن گیا اسی طرح اس سیزن کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھاکہ فٹنس پر کام کیا ہے اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں، تھوڑی سی بیماری سے گزرا ہوں لیکن اب بہت بہتر ہوں، فاسٹ بولرز کے لیے مشکل ضرور ہوسکتی ہے لیکن موسم کے لحاظ سے تیاری کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈسیریز کے میچز ہمارے لیے اہمیت کے حامل ہیں، میری کوشش ہوگی کہ سیریز میں 15،16 وکٹیں لوں اور مین آف دی سیریز بنوں جب کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ تیز گیند بھی کروں اس کے لیے فٹنس پر کام کر رہا ہوں، سوئنگ کے ساتھ اسپیڈ بھی آجائے گی، اس کے علاوہ اپنی بیٹنگ پر توجہ دے رہا ہوں اور چھکے لگانا چاہتا ہوں۔ٹیم سے متعلق شاہین نے کہا کہ میری حارث رؤف کے ساتھ دوستی اچھی ہے لیکن ٹیم میں دوسرے بولرز بھی ہیں، حارث رؤف کے ساتھ اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہو چکی ہے لیکن حسن علی سمیت سب کے ساتھ بولنگ کرنا چاہتا ہوں۔پاکستانی کرکٹر نے مزید کہا کہ ملتان میں عرصہ دراز کے بعد میچز ہونا خوش آئند ہے، فینز انجوائے کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ایک روزہ میچز کی سیریز 8 جون سے ملتان میں شروع ہوگی۔

Related Articles