فروری 2021 میں انگلینڈ کی میزبانی کے لئے پابندعہد : گنگولی
نئی دہلی ، ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سوربھ گنگولی نے ریاستی انجمنوں کو لکھا ہے کہ بورڈ مستقبل کے ٹور پروگرام کو مکمل کرنا چاہتا ہے اور اگلے سال فروری میں انگلینڈ کی میزبانی کے لئے پرعزم ہے۔
گنگولی نے کہا کہ بورڈ اس سال کے آخر میں ٹیم انڈیا کے دورہ آسٹریلیا سمیت سینئر مینز ٹیم کے آئندہ ٹور شیڈول کے لئے پرعزم ہے جبکہ بورڈ خواتین کی ٹیم اور ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے غور کر رہا ہے۔
گنگولی نے خط میں کہا کہ سینئر مینز ٹیم رواں سال دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے جائے گی اور وہاں سے واپسی پر اگلے سال فروری میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی۔ خواتین کی ٹیم کے دورے پر بھی بات چیت جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔
ہندستان کو اگلے سال ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2023 میں ون ڈے کی میزبانی کرنی ہے جس کی تصدیق پہلے ہی ہوچکی ہے۔ آئندہ ٹور شیڈول کے مطابق ہندوستان رواں سال کے آخر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گا اور فروری 2021 میں ورلڈ ٹیسٹ چمپیئن شپ کے تحت انگلینڈ کی میزبانی کرے گا۔
گنگولی نے کہا کہ یہ دورہ شیڈول کے مطابق کیا جائے گا۔ تاہم مارچ میں افغانستان کے ساتھ تین ون ڈے سیریز کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ یہ سلسلہ فیوچر ٹور پروگرام کا بھی ایک حصہ ہے۔
آئی پی ایل کا 14 واں سیزن اپریل میں کھیلا جائے گا۔سال 2021 ہندوستانی کرکٹ کے لئے مصروف عمل ہونے جا رہا ہے کیونکہ ہندوستان کے پاس اکتوبر تا نومبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی ہوگا اور ٹیم انڈیا کئی ممالک کے ساتھ سیریز کھیل سکتی ہے تاکہ وہ کورونا سے ہونے والے نقصان کو پورا کر سکے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ نے رواں سال ستمبر اکتوبر میں ہندوستانی دورہ ملتوی کردیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ستمبر۔ اکتوبر میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی تھی۔ اب یہ سلسلہ 2021 کے اوائل میں ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم اگلے سال کے شروع میں ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ ون ڈے کے علاوہ انگلینڈ بھی اس ٹور میں ٹیسٹ چمپیئن شپ کے تحت ہندستان کے خلاف 5 میچوں کی سیریز کھیلے گا۔ تاہم ابھی تک اس کے شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔
دوسری جانب ہندستان اور آسٹریلیا کے مابین رواں سال 3 دسمبر سے 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا میچ برسبین میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ بیرون ملک ایڈیلیڈ میں 11 دسمبر کو کھیلے گی۔ کورونا کی وجہ سے ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کو ٹور کے دوران 14 دن تک خود کو آئسولیشن میں رکھنا پڑے گا۔ لہذا ٹیم انڈیا نومبر کے دوسرے ہفتے میں آسٹریلیا جائے گی۔
گنگولی نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی کو امید ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں کوویڈ ۔19 میں بہتری آئے گی اور یہ کہ ڈومیسٹک کرکٹ محفوظ ماحول میں شروع ہو سکے گی۔ تاہم اب یہ سیزن آف ہے اور جب صورتحال ٹھیک ہوجائے گی تو ڈومیسٹک کرکٹ دوبارہ شروع کی جائے گی۔ بی سی سی آئی کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شامل کھلاڑیوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کا خیال رکھے اور ہم اس کی مستقل نگرانی کر رہے ہیں۔
ہندوستان میں ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اگست میں شروع ہوتا ہے۔ لیکن اس بار کرکٹ سیزن کورونا کی وجہ سے شروع نہیں ہوا ہے۔ اب امکان ہے کہ ڈومیسٹک سیزن سید مشتاق علی ٹی 20 ٹورنامنٹ سے شروع ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ نومبر کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوسکتا ہے۔