ڈریم 11 آئی پی ایل 2020 ٹائٹل اسپانسر، بورڈ کی تصدیق

نئی دہلی ،  میڈیا رپورٹس کے منظر عام پر آنے کے 24 گھنٹے بعد ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے بدھ کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ممبئی میں واقع ہندوستانی آن لائن فینٹیزی اسپورٹس کمپنی ، مہاراشٹرا ڈریم 11 (اسپورٹا ٹکنالوجیس پرائیوٹ لمیٹڈ) آئی پی ایل 2020 کا ٹائٹل اسپانسر ہوگا۔ آئی پی ایل کا 13 واں سیزن 19 ستمبر سے 10 نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہوگا۔
تاہم بی سی سی آئی نے اپنی ریلیز میں یہ نہیں بتایا کہ ڈریم 11 نے آئی پی ایل کی ٹائٹل اسپانسرکے لئے کتنی بولی لگائی تھی اور کتنی کمپنیاں ٹائٹل اسپانسرشپ کی دوڑ میں شامل تھیں۔ تاہم کل یہ اطلاع ملی تھی کہ ڈریم 11 نے 222 کروڑ کی بولی لگا کر ٹائٹل اسپانسرشپ کے حقوق حاصل کرلیے ہیں۔ ڈریم 11 کو 18 اگست سے 31 دسمبر 2020 تک آئی پی ایل کے ٹائٹل اسپانسرکے حقوق مل چکے ہیں۔ ڈریم 11 سالوں سے کھیلوں سے وابستہ ہے اور چھ آئی پی ایل فرنچائزز کے ساتھ ساتھ 19 کھیلوں کی لیگ سے بھی وابستہ ہے۔
آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کے چیئرمین برجیش پٹیل نے ریلیز میں کہا کہ ہم آئی پی ایل کے 2020 ایڈیشن کے ٹائٹل اسپانسر کی حیثیت سے ڈریم 11 کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ڈریم 11 کو اب آئی پی ایل کے آفیشل پارٹنر سے ٹائٹل اسپانسر میں اپ گریڈ کیا گیا ہے جو آئی پی ایل کے ایک بڑے برانڈ ہونے کا ثبوت ہے۔
ڈریم اسپورٹس (ڈریم 11) کے سی ای او اور شریک بانی ہرش جین نے کہا کہ ہمارے لئے خوشی اور فخر کی بات ہے کہ ٹائٹل اسپانسر کی حیثیت سے آئی پی ایل 2020 میں شامل ہوں گے۔ ہم ہندوستان میں شائقین کے ساتھ کھیلوں کی مشغولیت کو آگے بڑھانے کے لئے بی سی سی آئی اور آئی پی ایل کے ساتھ اپنی شراکت کو مزید مستحکم کریں گے۔ ہم انتظار کریں گے کہ 10 کروڑ سے زیادہ ہندوستانی ہر ڈریم 11 آئی پی ایل میچ کے ساتھ اپنی ڈریم 11 بنائیں گے۔
ڈریم 11 نےامیرترین آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن کے ٹائٹل اسپانسر کی دوڑ میں معروف تعلیمی کوچنگ ان اکیڈمی اور بائیجوس کو پیچھے چھوڑا۔ رواں سال چینی موبائل فون کی کمپنی ویوو کے آئی پی ایل کے ٹائٹل اسپانسرشپ سے دستبردار ہونے کے بعد بی سی سی آئی ایک نئے ٹائٹل اسپانسر کی تلاش میں تھی۔ بی سی سی آئی نے 10 اگست کو آئی پی ایل 2020 کے ٹائٹل اسپانسرشپ کے لئے درخواستیں طلب کی تھیں۔
بی سی سی آئی اور چینی موبائل کمپنی ویوو نے ہندوستان اور چین کی سرحد پر تناؤ کے سبب 2020 میں آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن کے لئے اپنے معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ بی سی سی آئی کے مطابق پچھلے آڈٹ اکاؤنٹ کے مطابق آئی پی ایل کے ٹائٹل اسپانسرشپ کے لئے دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں کا کاروبار 300 کروڑ سے زیادہ ہونا چاہئے تھا اور ڈریم 11 نے 222 کروڑ کی بولی لگا کر یہ حقوق حاصل کیے تھے۔ بی سی سی آئی کو ویوو سے ایک سیزن کے لئے 440 کروڑ روپے ملتے تھے۔
ویوو نے 2017 میں 2199 کروڑ میں 5 سال (2018-2022) کے لئے آئی پی ایل ٹائٹل اسپانسرکا معاہدہ جیتا۔ بی سی سی آئی کو ایک سیزن میں ویوو سے 440 کروڑ روپے ملتے ہیں۔ لیکن بی سی سی آئی کی آمدنی ڈریم 11 بولی سے 49.5 فیصد کم ہوگئی۔

Related Articles