پاکستان کے خلاف انگلینڈ کلین سویپ کرے گی:مائیکل وان
نئی دہلی ،انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے پیش گوئی کی ہے کہ بین اسٹوکس کے نہ ہونے کے باوجود میزبان ٹیم پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرے گی ۔
اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس نیوزی لینڈ کا سفر کررہے ہیں جہاں ان کے والد شدید علالت کے بعد زیر علاج ہیں۔ دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں وہ انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ بین اسٹوکس کی جگہ فاسٹ بولر اولی رابنسن کو پاکستان کے خلاف ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اسٹوکس پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم میں شامل تھے۔ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
مائیکل وان نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ اس ڈریسنگ روم میں وہ ایک بڑا کردار ادا کرتے ہیں ۔ اگرچہ بین اسٹوکس باہر ہیں لیکن میرے خیال میں انگلینڈ بہت مضبوط ٹیم رہے گی۔ انگلینڈ سیریز 3-0 سے جیت جائے گا ، یہ میری پیش گوئی ہے۔
کرس ووکس اور جوس بٹلر کی شاندار اننگز اور شراکت کی بنیاد پر انگلینڈ نے اظہر علی کی زیر قیادت پاکستان کو شکست دی۔ پاکستان کی میچ میں پوزیشن مضبوط ہونے کے باوجود چوتھے روز انگلینڈ کی اس جوڑی نے مہمان ٹیم کو شکست دی۔ وان نے کہا کہ اظہر علی ٹیسٹ میچوں میں ایک نوجوان کپتان ہیں لیکن ٹیسٹ میچوں میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ میرے خیال میں پہلی بار بیرون ملک میچ جیتنے کا ان کا موقع تھا۔
اسی کے ساتھ ہی پاکستان کے معاون کوچ وقار یونس کو امید ہے کہ بین اسٹوکس کی عدم موجودگی سے پاکستانی کرکٹ ٹیم فائدہ اٹھا سکے گی۔ تاہم وقار نے یہ بھی کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسٹوکس کے بغیر بھی انگلینڈ کمزور نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ نہیں ہیں تو یہ کرکٹ کی بدقسمتی ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ میچ ونر کھلاڑی ہیں ۔ اگر وہ ٹیم کے ساتھ نہیں ہیں تو انگلینڈ کا مڈل آرڈر تھوڑا کمزور ہوسکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں ہم اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے آخری چھ سیریز میں پہلی بار ابتدائی ٹیسٹ جیتا ہے۔ وہ پاکستان کے خلاف 10 سال میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لئے تیار ہیں جب کہ اس سے قبل انہوں نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی ہے۔ دوسری طرف پاکستان پہلے ٹیسٹ میں برتری حاصل کرنے کے باوجود ہار گیا۔