رنویر دیپیکا کی فلم ’83‘ سوریہ ونشی کے ریکارڈ کو پچھاڑنے میں ناکام

ممبئی ،دسمبر۔ بولی وڈ جوڑی رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی فلم 83 طویل انتظار کے بعد ریلیز ہوگئی۔ شادی کے بعد دونوں کی ایک ساتھ یہ پہلی فلم ہے۔ 24 دسمبر کو بھارت میں فلم 83 تقریباً 3741 اسکرین پر ریلیز کی گئی۔ فلم 1983 کیکرکٹ ورلڈ کپ پر مبنی ہے۔ فلم کا مقابلہ پہلے سے ریلیز فلم ’اسپائیڈر-مین‘ اور پوشپا کے ساتھ اکشے کمار، سارا علی خان اور دھنوش کی فلم ’اترنگی رے‘ سے بھی ہے۔ فلم سے امید تھی کہ پہلے دن فلم سوریہ ونشی کے ریکارڈ کو پچھاڑ دے گی، لیکن رنویر سنگھ ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔میٹرو شہروں جیسے ممبئی، دلی این سی آر، کولکتہ اور بنگلور میں فلم کا اچھا آغاز ہوا ہے لیکن چھوٹے شہروں میں 10 سے 30 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔باکس آفس کے پہلے دن فلم 83 نے 14-15 کروڑ کی کمائی کی ہے۔ باکس آفس پر ان دنوں اسپائیڈرمین اور پوشپا چھائے ہوئے ہیں، ایسے میں 83 کی شروعات کو ٹھیک مانا جارہاہے۔ خیال کیاجارہا ہے کہ ویک اینڈ پر فلم 83 باکس آفس پر چھلانگ لگائے گی۔ سوریہ ونشی کے بعد یہ دوسری فلم ہے جس نے بڑی اوپننگ کی ہے۔ سوریہ ونشی نے پہلے دن 26 کروڑ کا کلیکشن کیا تھا۔رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی فلم 83 میں سال 1983 کے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی جیت کی داستان ہے۔یاد رہے کہ فلم کا ٹریلر دیکھ کر ریلیز سے قبل ہی آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے مداحوں نے رنویر سنگھ کی فلم 83 کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، سشانت کے مداحوں کا کہنا تھا کہ رنویر سنگھ نے آنجہانی اداکار کا مذاق اڑایا تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ’بائیکاٹ 83‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فلم کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اداکار کی تصویر بھی شیئر کی گئیں۔سشانت کے ایک مداح نے لکھا کہ رنویر سنگھ نے کئی بار آنجہانی اداکار کا مذاق اڑایا، اتحاد دکھائیں اور رنویر کی فلم کو سپر ڈوپر فلاپ بنائیں۔ رنویر کپل دیو کے رول میں ہیں تو دیپیکا پڈوکون اْن کی بیوی رومی کا کردار نبھا رہی ہیں۔ فلم میں اْس کے علاوہ چراغ پاٹل، دینکر شرما، ساحل کھٹر جیسے دیگر فنکار ہیں۔

Related Articles