ملکہ برطانیہ کے احترام میں ویب سیریز’دی کراؤن‘ کی شوٹنگ ملتوی
لندن،ستمبر۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد ان کی زندگی پر مبنی معروف سیریز ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کی شوٹنگ ملتوی کردی گئی ہے۔سیریز کے مصنف کے مطابق ملکہ الزبتھ کے انتقال کے احترام میں ’دی کراؤن‘ کی شوٹنگ کچھ عرصے کے لیے روک دی گئی ہے کیوں کہ ملکہ عالمی سطح کی پراثر شخصیت اور باوقار خاتون تھیں۔’دی کراؤن‘ کی ٹیم نے بھی عندیہ دیا ہے کہ ملکہ الزبتھ کی وفات کے احترام میں سیریز کے پانچویں سیزن کی تکمیل کچھ تاخیر کا شکار ہوسکتی ہیں۔واضح رہے کہ ویب سیریز برطانوی شاہی خاندان پر ہے، جس کے چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں اور اس کے پانچویں سیزن کو رواں برس کے اختتام یا آئندہ سال کے آغاز تک ریلیز کیے جانے کا امکان تھا تاہم اب ممکنہ طور پر اس میں کچھ تاخیر ہوسکتی ہے۔ویب سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020 میں ریلیز کیا گیا تھا جبکہ سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں جاری کیا گیا تھا۔پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کے شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔