گاؤں کی خوش حالی چھتیس گڑھ ماڈل کا پیمانہ: بھوپیش

رائے پور، نومبر۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ گاوں خوش حال ہوں گے تبھی شہر میں خوش حالی آئے گی۔ چھتیس گڑھ کی ترقی کا یہی راستہ ہے ، چھتیس گڑھ ماڈل کی کامیابی کا یہی پیمانہ ہے۔بگھیل نے آج آکاشوانی سے نشر اپنی ماہانہ ریڈیو گفتگو لوک وانی کی 23 ویں کڑی میں کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی ترقی کے روایتی ماڈل، پنڈت جواہر لال نہرو کے جدید ماڈل اندرا گاندھی کے مضبوط قوت ارادی کے ماڈل اور راجیو گاندھی کے ٹکنالوجی سے تبدیلی کے ماڈل سے ترغیب لے کر چھتیس گڑھ میں کاشتکاری اور کسانی کی تصویر بدلنے، گاوں میں نئے وسائل سے نئی تکنیک سے کاشتکاری کرنے اور روایتی طور پر روز مرہ کے کاموں میں اصلاح کی جو پہل کی گئی ہے ان کو کامیابی ملی۔ اب گاوں گاوں سے کھیتی کے نت نئے طریقوں کی معلومات آرہی ہیں۔آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے یوم پیدائش کے موقع پر نشر ہونے والے ایپی سوڈ کا آغاز کرتے ہوئے مسٹر بگھیل نے کہا کہ پنڈت نہرو کو بچوں سے بے پناہ محبت تھی، وہ ملک کی نئی نسل کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے تھے۔ پنڈت نہرو کا نئی نسل پراٹوٹ اعتماد وبھروسہ تھا۔ انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہوں گا کہ آپ لوگ پنڈت نہرو کی سوانح عمری اور ان کے کاموں کو پڑھیں اورانہیں اپنی زندگی میں اُتارنے کی کوشش کریں۔ لوک وانی میں ماڈل آف انٹرپرینیورشپ اور عوام اختیار کاری کے موضوع پر انہوں نے کہا کہ ہم نے ذریعہ معاش کو مضبوط کرنے اور عوام کے ہاتھوں میں عزت نفس کے ساتھ ساتھ معاشی طاقت سونپنے کے لیے جو حکمت عملی اپنائی تھی، وہ چھتیس گڑھ ماڈل کے طور پر ہماری شناخت بن گئی ہے۔ کووڈ کے سبب لاک ڈاون کے دوران ہم نے ڈی بی ٹی کے توسط سے مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کے ذریعے کسانوں، جنگلات پر انحصار کرنے والوں، مزدوروں، خواتین گروپوں اور نوجوانوں کی جیبوں میں80 ہزار کروڑ روپے ڈالے۔ اسی رقم سے ہمارے بھائیوں اور بہنوں نے اپنی ضروریات کی چیزیں خریدیں۔ اس طرح سب نے مل کر ریاست کی معیشت کی لیکویڈیٹی کو برقرار رکھا۔ بگھیل نے بستر کے چار نوجوانوں آیوش سریواستو، گورو کشواہا، رشبھ جین، سویاش سنکھلا کے ذریعہ ای کامرس پلیٹ فارم’لوکا بازار‘شروع کرنے کے لیے تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بستر کے نوجوان اندرون دیہات کے لوگوں کو اس طرح کے نئے طریقوں کا فائدہ پہنچانا شروع کر دیں تو یقیناً لوگوں کی معاشی حالت مضبوط ہو گی۔ چھتیس گڑھ کے دیہی علاقوں کی مصنوعات کو اچھی مارکیٹ ملے گی۔ لوک وانی میں دھمتری کے نوجوان آئی ٹی آئی پروفیشنل گوپال چٹالیا کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کے لیے ہماری نئی صنعتی پالیسی میں پرکشش پیش کش ہیں۔ دیگر نوجوانوں کو اس کا فائدہ اٹھانے کے لیے آگے آنا چاہیے۔ کاواردھا کے واقعات کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ ہمارے چھتیس گڑھ کو تمام مذاہب کی مساوات کا گڑھ بنارہنا چاہیے۔ میں نے انتظامیہ کو چوکنا کر دیا ہے تاکہ کوئی بھی سماج دشمن عناصر ہماری ریاست کی ہم آہنگی کو میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔ ہم فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو نہ تو نظر انداز کریں گے اور نہ ہی بخشیں گے۔

Related Articles