امریکا عسکری اور معاشی لحاظ سے یورپ کو کمزور کر رہا ہے، روس
ماسکو ،نومبر۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا عسکری اور معاشی لحاظ سے یورپی یونین کو کمزور کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یورپ والے پہلے ہی روس مخالف پابندیاں عائد کرکے تکلیف میں مبتلا ہو چکے ہیں، کیونکہ یہ پابندیاں امریکی پابندیوں سے بھی کئی گنا زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ روس بلکہ دنیا کے کئی ملکوں کے ماہرین معاشیات اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ امریکا کا مقصد یورپی معیشت کو تباہ کرنا اور اس کی صنعتوں کو شدید نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی افواج کو کمزور کرنا امریکا کے مفاد میں ہے، اور مستقل اسے اپنے دباؤ میں رکھنے کیلئے امریکا یورپی ملکوں پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ یوکرین کو اپنا اسلحہ فراہم کریں، اور بدلے میں امریکا یورپی اسلحہ گوداموں کو اپنے اسلحے سے بھرتا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین نے روس پر زبردست پابندیاں تو عائد کر دیں لیکن ان کا نتیجہ دیکھیں۔ گیس کی قیمتیں یورپی یونین میں بڑھ گئیں، اب یورپی اتحاد موسم سرما میں گیس کی قلت کو پورا کرنے کیلئے سخت جدوجہد کر رہا ہے، اور مہنگائی سے نمٹ رہا ہے۔