نیا اداکار بھی میرے ساتھ کردار کرنا نہیں چاہتا، تاپسی پنو
ممبئی،نومبر۔بھارتی اداکارہ تاپسی پنو نے کہا ہے کہ نیا لڑکا بھی ان کے ساتھ کردار کرنا نہیں چاہتا۔ اپنے انٹرویو کے دوران تاپسی پنو نے بالی ووڈ میں صنفی امتیاز کی جانب نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی لڑکی فلم کے مرکزی کردار میں ہوتی ہے تو اس کے مقابل میں ایک نیا نوجوان ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دوسری جانب جب ایک مرد فلم کے مرکزی کردار میں ہوتا ہے تو چاہے 5 سے 6 سینز ہی کیوں نہ ہوں، اس کے سامنے سپر اسٹار اداکارہ ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مرد اداکاروں کے مقابلے میں خواتین اداکاروں کے تحفظ اور اعتماد کے احساس کی وضاحت کرتا ہے۔ تاپسی کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ اگر آپ ہمیں 5 سے 6 سینز دیں گے، تو یہ ہمیں اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے فلم مشن منگل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس میں 5 اداکارائیں ہیں جن کی انفرادی طور پر فلمیں شہ سرخی رہی ہیں۔اپنے بارے میں بات کرتے ہوئے تاپسی پنو کا کہنا تھا کہ جب بھی میں اپنے پروڈیوسر کے ساتھ اپنی فلم کے لیے شارٹ لسٹ ہوئے مرد اداکاروں کی فہرست دیکھتی ہوں تو وہ ایسے اداکار ہوتے ہیں جنہوں نے صرف ایک یا دو فلمیں کی ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بھی ان کے ساتھ فلم میں کردار ادا کرنا نہیں چاہتے کیونکہ ہمارے نظام نے انہیں اس بات کی تربیت دی ہوئی ہوتی ہے کہ اگر فلم میں ان کا کردار صرف 10 فیصد ہو تو وہ یہ فلم نہ کریں۔ اپنے ساتھ پیش آئے ایک واقعے پر بات کرتے ہوئے تاپسی پنو کا کہنا تھا کہ ایک اداکار نے ان کے ساتھ فلم یہ کہتے ہوئے مسترد کردی تھی کہ ایک تاپسی کو سنبھالنا مشکل ہوتا ہے وہاں تو دو ہیں۔