چین میں سبزیوں کے بحران کا خدشہ، شہریوں کو اشیا ذخیرہ کرنے کی ہدایت

بیجنگ،نومبر۔چین کی حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی حالات کے پیشِ نظر روز مرہ کے استعمال میں آنے والی اشیائے ضروریہ کو ذخیرہ کر لیں۔ یہ ہدایت سبزی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور ترسیل میں کمی کے خدشے کے بعد سامنے آئی ہیں۔وزارتِ تجارت نے پیر کی شب ایک بیان میں کہا ہے کہ حکام اشیا کی ترسیل اور قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور اشیا کی ترسیل میں کسی بھی مشکل کی صورت میں پیشگی اطلاع کریں۔چین میں گزشتہ ہفتے کھیرے، پالک اور بروکولی (گوبھی کی ایک قسم) کی قیمتوں میں دو گنا اضافہ ہوا تھا۔صوبے شین ڈونگ میں سبزیوں کی قیمتوں پر نظر رکھنے والے ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق ایک کلو گوشت کے مقابلے میں پالک زیادہ مہنگی ہو گئی ہے جو 16 یان سے زیادہ میں فروخت ہو رہی ہے۔چین میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد لاک ڈاؤن اور غیر معمولی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کے باعث سبزیوں کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشے اور قیمتوں میں مزید اضافے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔خبر وں کے مطابق اشیا ذخیرہ کرنے سے متعلق چین کی وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اْن خبروں کے بعد سامنے آئی ہیں جن میں کہا جا رہا تھا کہ تائیوان کے ساتھ کشیدگی بڑھنے کے امکانات ہیں۔چین کی حکومت کے حمایت یافتہ اخبار اکنامک ڈیلی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر معلومات پھیلانے والے بے بنیاد معلومات کا پرچار کر رہے ہیں جب کہ وزارتِ تجارت کی ہدایات شہریوں کو کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی صورت میں مشکلات سے نکالنے کے لیے ہے۔سرکاری ٹی وی پر پیر کی شب نشر ہونے والے ایک بیان کے مطابق قیمتیں بڑھنے کے خدشے سے نمٹنے کے لیے چین سبزیوں کے اپنے ذخیروں کو سامنے لانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ البتہ یہ واضح نہیں ہے کہ حکومت نے کن سبزیوں کا ذخیرہ کر رکھا ہے اور وہ کون سے ذخائر ہیں جہاں بڑی تعداد میں سبزیاں رکھی گئی ہیں۔وزارتِ تجارت نے صوبوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ سبزیوں کو خرید کر اسے ذخیرہ کر لیں تاکہ ہنگامی صورت میں اس کی تقسیم بہتر طریقے سے کی جا سکے۔وزارتِ تجارت نے مزید کہا ہے کہ قیمتوں سے متعلق معلومات کے علاوہ اشیا کی طلب و رسد سے متعلق مناسب انداز میں آگاہ کیا جائے تاکہ شہریوں کی توقعات کے مطابق معاملات کو چلایا جا سکے۔چین کی وزارتِ زراعت کے مطابق ملک میں اس وقت تقریباً 67 لاکھ ایکڑ رقبے پر سبزیاں کاشت کی جا رہی ہیں۔کرونا وبا کے دوران فوڈ سیکیورٹی پر چین کی خاص توجہ ہے۔ بیجنگ حکومت فوڈ سیکیورٹی سے متعلق قوانین پر کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے خوراک کے ضیاع پر قابو پانے کے لیے اقدامات سے متعلق ایک ڈرافٹ بھی تیار کیا ہے۔

Related Articles