انتم اور سوریاونشی : رواں ماہ دھوم مچانے والی بالی وڈ کی دو بڑی فلمیں
ممبئی،نومبر۔بالی وڈ میں رواں ماہ دیوالی کے تہوار کے موقع پر اکشے کمار کی فلم سوریاونشی سنیما گھروں کی زینت بنے گی جب کہ اسی ماہ سلمان خان کی فلم انتم دھوم مچانے کے لیے تیار ہے۔مداحوں کو اکشے کمار اور سلمان خان دونوں کی ہی فلموں کا بے صبری سے انتظار ہے۔ایکشن کرائم اور سنسنی سے بھرپور فلم سوریاونشی میں مرکزی کردار اکشے کمار ادا کر رہے ہیں اور یہ فلم پانچ نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔سوریاونشی گزشتہ برس 24 مارچ کو ریلیز ہونا تھی لیکن کرونا وبا کی وجہ سے یہ تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔ سوریاونشی کی ہدایت کاری روہت شیٹھی نے انجام دی ہے۔ فلم میں اکشے کمار ایک ڈی ایس پی کا کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے جو جرائم کے خلاف سرگرم ہوتے ہیں۔اکشے کے ساتھ کترینہ کیف بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی جب کہ رنویر سنگھ اور اجے دیوگن خصوصی اور مختصر کردار ادا کر رہے ہیں۔دوسری جانب سلمان خان کی ایکشن اور سنسنی سے بھرپور فلم انتم: دی فائنل ٹروتھ 26 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ انتم میں سلمان خان ایک ایسے پولیس افسر کا کردار ادا کریں گے جو لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرتا دکھائی دے گا۔فلم کی کہانی ابھیجیت شریش دیش پانڈے، متھلیش کوشک او سدھارتھ سلوی نے لکھی ہے۔فلم کی ہدایتکاری مہیش منجریکار نے کی ہے جب کہ اس میں سلمان خان کے ساتھ ورون دھون اور ماہیما مکوانا سمیت دیگر نے اداکاری کی ہے۔