شدید بارش نے کمبریا میں تباہی مچادی،پانی گھروں میں گھس گیا

لندن ،نومبر۔شدید بارش نے کمبریا میں تباہی مچا دی، پانی گھروں میں گھس گیا، سڑکوں پر سیلابی ریلوں کی وجہ سے ریل اور سڑک کے راستے سفر میں رکاوٹ، محکمہ موسمیات نے اوسط درجے کے خطرے کا امبر الرٹ جاری کردیا، 36 گھنٹے کی بارش سے لیک ڈسٹرکٹ کا علاقہ ہونسٹر پاس پر ایک ایک فٹ پانی کھڑا ہوگیا، کمبریا پولیس نے لوگوں کومشورہ دیا ہے کہ وہ انتہائی ضرورت کے وقت ہی گھر سے باہر نکلیں۔ A592 پیٹر ڈیل روڈ، اسٹیوارٹ مائونسے اور ڈوڈن برج پر بھی مشکلات کی خبریں ہیں۔ کمبریا کی ماحولیات سے متعلق ایجنسی کے سیلابی خطرے سے متعلق منیجر نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ کچھ گھروں میں پانی آگیا ہے لیکن یہ کچھ دیر کا معاملہ ہے لیکن جن کے گھروں میں یہ پانی گھسا ہے، ان کیلئے یہ مصیبت کی گھڑی ہے، ہم ایسے مقامات کی تفصیلات جمع کررہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے سائوتھ ویسٹ اسکاٹ لینڈ اور کمبریا میں شدید بارش کی 2 امبر وارننگز جاری کی ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ میں خلل پڑنے اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ دوسرے دریائوں کے ساتھ دریائے Rothay کا پانی بھی سڑکوں پر پہنچ گیا ہے، کراس بارڈر ریل سروس بھی متاثر ہوئی اور مسافروں کو اسٹیشن نہ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ونڈر میر فیری سروس بھی معطل کردی گئی ہے، بورو ڈیل کی سڑکوں پر بھی سیلابی کیفیت کی اطلاعات ہیں۔ ٹوبے کے جنوب میں M6 پر بھی مسائل ہیں، ایک ٹرک میں آگ لگنے کے سبب شمال کو جانے والا راستہ بند کردیا گیا۔ نیٹ ریل نے بتایا ہے کہ کمبریا کی شدید بارش سے وسیع علاقہ متاثر ہوا ہے اوراگلے چند روز کے اندر ریل کے مزید روٹس بھی متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔ مسافروں کو گھر سے نکلنے سے قبل نیشنل ریل انکوائری سے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Articles