امریکی ڈرامہ سیریز ’فرینڈز‘ کے جیمز مائیکل کا 59 برس کی عمر میں انتقال
لاس اینجلس،اکتوبر۔امریکا کی مشہور کامیڈی ڈرامہ سیریز ‘فرینڈز’ میں اہم کردار ادا کرنے والے فنکار جیمز مائیکل 59 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں جیمز مائیکل کا انتقال اتوار کوہوا۔ انہوں نے اپنے سوگواران میں شریکِ حیات جینیفر کارنو کو چھوڑا ہے جبکہ انتقال کی خبر کی تصدیق جیمز مائیکل کے منیجر نے کی۔اداکار کے منیجر کا کہنا ہے کہ جیمز مائیکل ٹیلر کا انتقال اتوار کے روز کیلیفورنیا کے گنجان آباد ترین شہر لاس اینجلس میں ہوا۔ وہ اتنے ملنسار تھے کہ انہیں ایک بار ملنے والا شخص انہیں زندگی بھر کیلئے دوست بنا لیتا تھا۔واضح رہیکہ3سال قبل2018میں جیمز مائیکل کے جسم میں ایڈوانسڈ پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی جو بڑھ کر ان کی ہڈیوں تک پھیل گیا تھا۔ انہوں نے کینسر کے خلاف جدوجہد شروع کی اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اپنا پیغام پہنچایا۔ فرینڈز سیریز کی کم و بیش 150اقساط میں جیمز مائیکل نے اداکاری کے جوہر دکھائے جو امریکی ٹی وی چینل میں 1994سے لے کر 2004تک نشر کیا گیا۔ اداکارہ جنیفر آنسٹن کا کہنا ہے کہ جیمز مائیکل کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔واضح رہیکہ امریکی اداکار کے انتقال پر ساتھی اداکاروں اور بولی وڈ اداکاراؤں نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔بولی وڈ کی نامور اداکارہ انوشکا شرما اور کرینہ کپورخان نے بھی انسٹاگرام پر اسٹوریز میں اداکار جیمز مائیکل کی تصویر لگائی اور ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔