دلیر مہندی نئے گلوکاروں سے خفا کیوں؟
ممبئی،اکتوبر۔بھارتی مشہور گلوکار دلیر مہندی کا کہنا ہے کہ آج کل کے نئے گلوکار مشہور ہونے کے لیے سوشل میڈیا سائٹس پر جعلی فالوورز اور فیک ویووَرز خریدتے ہیں۔حال ہی میں ایک میڈیا سائٹ کو انٹرویو کے دوران دلیر مہندی نے نئے گلوکاروں کے محنت کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر فالوورز اور گانوں پر ویوز خریدنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔1995ء میں کیریئر کا آغاز کرنے والے دلیر مہندی نے کہا کہ ’آج کل کے نئے گلوکار محنت سے مشہور ہونے کے بجائے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے پر زیادہ زور دیتے ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فالوورز اور گانوں پر ویوز خرید کر خود کو مشہور بناتے ہیں۔‘دلیر مہندی نے اپنی قابلیت اور مشہور ہونے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے کبھی جعلی فالوورز یا اپنے گانوں پر ویوز نہیں خریدے ہیں، اْن کی کامیابی 100 فیصد اْن کی محنت کا نتیجہ ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’90 کی دہائی اور آج کل کے گلوکاروں میں یہ واضح فرق ہے کہ اْس وقت کے گلوکار اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لیے جعلی فالوورز نہیں خریدتے تھے، آج کل گلوکار ملین کی تعداد میں جعلی فالوورز اور گانوں پر ویوز خرید کر خود کو مشہور گلوکار ثابت کرتے ہیں، اْن کے سب ہی گانے حقیقی فالوورز اور ویوز رکھتے ہیں۔‘دلیر مہندی نے مزید کہا کہ ’اْن کے مداح اْن کے گانے بے حد پسند کرتے ہیں اور وہ بہت خوش ہیں کہ اْن کے گلوکاری کا دور کافی کامیاب رہا۔‘