فلم کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر گولی چلنے سے کیمرا ویمن کی ہلاکت
پہلی بار اداکار الیک بالڈوین کا اپنا بیان بھی سامنے آگیا
نیویارک،؍اکتوبر۔ گزشتہ روز ہالی ووڈ اداکار الیک بالڈوین سے فلم کے سیٹ پر حادثاتی طور پر گولی چلنے سے ایک کیمرا ویمن موت کے منہ میں چلی گئی تھی۔اس المناک حادثے کے بعد پہلی بار الیک بالڈوین کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’میرے پاس اس دکھ اور تکلیف کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں جس میں میں اس افسوسناک حادثے کی وجہ سے مبتلا ہوں۔ میں تفتیش میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہوں اور ہیلینا ہچنز کے شوہر کے ساتھ بھی رابطے میں ہوں۔ میں نے ہیلینا کی فیملی کو اپنی طرف سے مکمل سپورٹ کی پیشکش کی ہے۔‘‘رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز الیک بالڈوین سے فلم کی شوٹنگ میں استعمال ہونے والی بندوق سے غلطی سے گولی چل گئی جس سے فلم کے 48سالہ ڈائریکٹر جوئیل سوزا اور 42سالہ کیمرا ویمن ہیلینا ہچنز زخمی ہو گئے۔ دونوں کوفوری طور پر ہسپتال لیجایا گیا تاہم ہیلینا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ یہ حادثہ نیو میسیکو کے شہر سانتا فے میں پیش آیا۔63سالہ الیک بالڈوین اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں اور اس میں مرکزی کردار بھی ادا کر رہے ہیں، جس کے سیٹ پر ان سے یہ سنگین غلطی ہوئی۔