ریسلر بجرنگ پونیا نے کیجریوال سے ملاقات کی

نئی دہلی، اکتوبر۔ٹوکیو اولمپک میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والے ہندستانی ریسلر بجرنگ پونیا نے آج یہاں وزیراعلی اروندکیجریوال سے ملاقات کی۔مسٹر کیجریوال نے پونیا سے کہا کہ آپ کی کامیابی پر پورے ملک کو فخر ہے۔ آپ نے ٹوکیو اولمپک میں اپنی شاندار کارکردگی سے ملک کا نام بلندیوں پر پہنچایا ہے۔ آپ کی کارکردگی کھلاڑیوں کے لئے ترغیب کا کام کرے گی اور ان کی ملک کے لئے زیادہ سے زیادہ میڈل جیت کر لانے کے لئے حوصلہ افزائی کرے گی۔ ہماری حکومت کھیل کو فروغ دینے کے لئے مکمل طورپر سنجیدہ ہے اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رہی ہے۔ اسی مقصد سے ہم نے منڈکا میں اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسپورٹس یونیورسٹی کے ذریعہ ہم متعدد بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی تیار کرنا چاہتے ہیں جو آئندہ اولمپک سمیت دیگر بین الاقوامی سطح کے کھیلوں میں ہندستان کے لئے زیادہ سے زیادہ میڈل جیت کر لائیں۔ اسپورٹس یونیورسٹی کو ہم جلد از جلد پوری طرح سے چالو کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس میں ہم آپ کی (بجرنگ پونیا) بھی خدمات لینا چاہیں گے۔ ساتھ ہی ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ پورے ملک کے جتنے بھی اچھے کھلاڑی ہیں وہ ہماری اسپورٹس یونیورسٹی میں آئیں اور عالمی سطح کے کھلاڑیی تیار کرنے میں دہلی حکومت کا تعاون کریں۔ ہمارا مقصد ہے کہ اسپورٹس یونیورسٹی میں تیار کئے جارہے کھلاڑی اولمپک میں ملک کے لئے بہت سار میڈل لائیں۔اس موقع پر وزیراعلی نے بجرنگ پونیا کو میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لئے دہلی حکومت کی طرف سے چلائی جارہی اسکیموں کا جلد از جلد فائدہ دلانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپک میں کانسہ کا تمغہ جیتنے کے بعد ہندستانی ریسلر بجرنگ پونیا کی مسٹر کیجریوال سے آج یہ دوسری ملاقات تھی۔ اس سے پہلے ریسلر بجرنگ پونیا نے ٹوکیو اولمپک میں کانسہ کا تمغہ جیتنے کے بعد ستمبر مہینہ میں اپنے کوچ ستپال سنگھ کے ساتھ وزیراعلی سے ملاقات کرکے ان کا آشیر واد لیا تھا۔ بجرنگ پونیا نے دہلی کے چھترسال اسٹیڈیم میں کئی سال ٹریننگ کی ہے اور دہلی کے لئے کھیلتے رہے ہیں۔

Related Articles