حیدرآبادمیں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ
حیدرآباد، اکتوبر۔شہر حیدرآبادمیں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھاجارہا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں سے سبزیوں کی قیمتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی پریشان ہے۔ تازہ طورپر پیاز کی قیمتوں میں اچھال دیکھاجارہا ہے۔ 100روپئے میں 5تا 6کیلو کے حساب سے فروخت کی جا نے والی پیاز، اب فی کیلو40تا50روپئے میں فروخت ہورہی ہے۔ قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سے عام آدمی پریشان ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع سے حیدرآباد کو ٹماٹر کی فراہمی میں شدید کمی آئی ہے۔ حالیہ بارش کی وجہ سے فصلوں کونقصان ہوا ہے اور طلب کی تکمیل نہیں ہوپارہی ہے۔موجودہ طورپر ریٹیل مارکٹ میں ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 60 سے 70 روپے کے لگ بھگ ہے۔حیدرآباد کے بازاروں میں عام طور پر روزانہ 150 سے 180 لاری ٹماٹر درآمدکیاجاتا ہے لیکن اب تاجروں کا کہنا ہے کہ فصلوں کے نقصان کی وجہ سے یومیہ 80 لاریاں بھی حیدرآبادنہیں آ رہی ہیں جس کے سبب ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ درج کیاجارہا ہے۔ تاجروں نے بتایا کہ حالیہ بارش کی وجہ سے پیاز کی فصل کو بھی نقصان پہنچا ہے جس سے اس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ مہاراشٹر سے تلنگانہ کے لئے اس کی سپلائی بھی بہت کم ہوگئی ہے۔ تلنگانہ کے اضلاع میں پیازکی فصل کو بارش کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال مزید ایک ماہ تک برقراررہے گی۔