نئی اطالوی قومی ایئرلائن، ’اٹلی ایئر‘ کی پہلی پرواز روانہ

لندن،اکتوبر۔یورپ کی پرانی اور مشہور ہوائی کمپنی ال اٹالیا اپنے مالی بوجھ کو برداشت نہیں کر سکی اور انجام کار تحلیل کر دی گئی۔ اس کی جگہ نئی اطالوی قومی ایئر لائن ’اٹلی ایئر‘ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ نئی اطالوی ہوائی کمپنی آئی ٹی اے (اٹالیہ ٹرانسپورٹو ایئرو) یا اٹلی ایئر کی اولین پرواز روانہ ہو گئی ہے۔ نئی ہوائی کمپنی کی اولین پرواز جمعہ پندرہ اکتوبر کو روانہ کی گئی۔ اس نئی ہوائی کمپنی کوکم کرایوں والی ہوائی کمپنیوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ اس نئی ایئر لائن میں سابقہ قومی ہوائی کمپنی ال اٹالیا کے ایک چوتھائی ملازمین کو نوکریاں بھی دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ فارغ شدہ ملازمین کو نئی ہوائی کمپنی میں ملازمت کی پیشکش کرنے کے لیے سابقہ ہوائی کمپنی کی یونینیں نئی انتظامیہ کے ساتھ مذاکراتی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چوہتر برس تک کمرشل فضائی آپریشن جاری رکھنے والی اطالوی ہوائی کمپنی ال اٹالیا کو بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل تھی۔ ماضی کا حصہ بن جانے والی اس مشہور ہوائی کمپنی کی آخری پرواز جمعرات کو اپنی منزل پر پہنچی اور اس کے بعد ال اٹالیا کا آپریشن اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا اور کمپنی ماضی کا حصہ بن گئی۔ سات دہائیوں سے زائد عرصے تک تمام براعظموں کے مختلف ممالک تک اڑان بھرنے والی ہوائی کمپنی دیوالیہ ہو گئی۔ دس ہزار سے زائد ملازمین رکھنے والی کمپنی پہلے خسارے کا شکار ہوئی، پھر قرضوں کا بوجھ بڑھتا گیا اورانجام کار یہی بوجھ اس کمپنی کے انہدام کا بڑا سبب بن گیا۔ ال اٹالیا کو ملازمین کی ہڑتالوں اور مظاہروں کا بھی شدید سامنا رہا۔ سن 2002 کے بعد سے اگلے انیس برس یہ کمپنی خسارے کے ساتھ اپنا آپریشن جاری رکھے ہوئے تھی۔ نئی اطالوی ہوائی کمپنی نے تحلیل ہونے والی ال اٹالیا کے برانڈ اور ویب سائیٹ کے حقوق نوے ملین یورو میں خریدے ہیں۔ اس ہوائی کمپنی نے اپنی پروازوں کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے اور کمپنی انتظامیہ مزید پروازیں وقت کے ساتھ ساتھ متعارف کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے ہوائی جہازوں کی رنگت نیلی اور سابقہ ال اٹالیا کا نشان بدستور استعمال کیا جائے گا۔ اٹلی ایئر کی ہوائی جہازوں کی ٹیل یا دُم کو ملکی قومی پرچم کے تین رنگوں (سرخ، سفید اور سبز) سے مزین کیا گیا ہے۔ اس وقت اس ہوائی کمپنی کے فلیٹ میں کل 52 ہوائی جہاز ہیں اور اس میں بتدریج اضافے کا عمل جاری رہے گا۔ انتظامیہ مزید باون ماحول دوست مسافر بردار طیارے اپنی ایئرلائن میں شامل کرنا چاہتی ہے۔ اٹلی ایئر کے سربراہ الفریڈو الٹاویلا کا کہنا ہے کہ ال اٹالیا کا سلسلہ ختم ہونے سے ماضی کو دفن کرنا مراد نہیں یا اس سے انکار بھی نہیں ہے لیکن نئی کمپنی اپنے معاملات میں وقت کے ساتھ وسعت پیدا کرتی جائے گی اور یہ بالکل ایک نئی ابتدا ہے۔ الفریڈو الٹاویلا کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئی ہوائی کمپنی کا حجم اس وقت مناسب ہے اور اس کے فلیٹ میں اضافہ بھی وقت گزرنے کے ساتھ ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابقہ کمپنی کا منفی ورثے کا حجم بہت زیادہ ہے اور اقتصادی حقیقت کے ساتھ اب اس کو سنبھالنا ممکن نہیں رہا۔ نئی کمپنی کی پہلی پرواز اٹلی کے کاروباری و مالی مرکز میلان کے ایئر پورٹ سے جمعے کی صبح چھ بج کر بیس منٹ پر بلند ہوئی اور یہ پرواز بحر ایڈریاٹک کے کنارے پر واقع شہر باری پہنچی۔ اس وقت اٹلی ایئر لائن کی پروازوں کی منزلیں 44 ہیں اور مستقبل میں انہیں 74 کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ اٹلی ایئر کی پلاننگ ہے کہ اس کی پروازیں نیویارک سٹی، ٹوکیو، پیرس، فرینکفرٹ، لندن اور لاطینی امریکا کے کئی شہروں تک پہنچیں گی۔ یہ پروازیں میلان کے علاوہ روم سی بھی بین الاقوامی روٹس پر روانہ کی جائیں گی۔ اس وقت ہوائی کمپنی کے مجموعی ملازمین کے تعداد دو ہزار آٹھ سو ہے اور ان میں سے ستر فیصد کا تعلق تحلیل شدہ ال اٹالیا سے ہے۔ اس کی روزانہ کی بنیاد پر اڑان بڑھنے والی پروازوں کی تعداد ایک سو اکیانوے ہے۔

Related Articles