فردین خان کی 11 سال بعد بالی ووڈ میں واپسی، نئی تصاویر منظرِ عام پر
ممبئی،اکتوبر۔11 سال بعد فلمی دْنیا میں واپسی کرنے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار فردین خان اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کے لیے ممبئی پہنچ گئے۔میڈیا کے مطابق فردین خان اپنی نئی آنے والی فلم ’وسفوٹ‘ میں اداکار رتیش دیشمکھ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے جن کے ساتھ وہ اس سے قبل بھی سال 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہے بیبی‘ میں کام کرچکے ہیں۔فردین خان کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں اْنہیں اپنی نئی فلم کی ٹیم کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ میڈیا کے مطابق فلم کی شوٹنگ شروع کرنے سے پہلے ممبئی میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فلم ’وسفوٹ‘ کی مکمل کاسٹ اور دیگر عملے نے شرکت کی جبکہ اس دوران فردین خان اپنے مداحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔یاد رہے کہ فردین خان نے آخری بار فلم ’دولہا مل گیا‘ میں گیارہ برس قبل کام کیا تھا۔ فلم وسفوٹ، وینزویلا کی فلم راک پیپر، سیزرز کا آفیشل ری میک ہے۔یہ فلم 85ویں آسکر اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین غیرملکی زبان کی فلم کے طور پر منتخب ہوئی جس کے نتیجے میں وینزویلا کو وہاں داخلے کا موقع میسر آیا۔فردین اور رتیش آخری بار ’ہے بے بی‘ نامی فلم میں اکٹھے نظر آئے تھے اور اب 14 برس بعد پھر فلم وسفوٹ میں یک جا ہو رہے ہیں۔سنجے گپتا کا کہنا ہے کہ وہ رتیش اور فردین کے ایک ساتھ کام کرنے پر خوش ہیں۔