سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد شہناز گِل کا پہلا انٹرویو
ممبئی،اکتوبر۔بھارتی معروف ادکارہ شہناز گِل کا اپنے قریبی دوست، اداکار سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد دیا گیا پہلا انٹرویو وائرل ہو گیا ہے۔گزشتہ ماہ کی 2 تاریخ کو مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شْکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے جس کے نتیجے میں اْن سے محبت کرنے والی اداکارہ شہناز گِل غم سے نڈھال اور میڈیا سے کافی عرصہ دور رہیں۔شہناز گِل اپنے قریبی دوست سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد مشکلوں سے عام زندگی کی طرف واپس لوٹی ہیں اور آج کل اپنی آنے والی نئی فلم ’ حوصلہ رکھ‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ فلم کی پروموشن کے دوران شہناز گِل نے سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد پہلا انٹرویو بھی دیا ہے۔انٹرویو کے دوران شہناز گِل کا بتانا ہے کہ وہ حقیقی زندگی میں بہت جذباتی ہیں اور اْنہیں اپنے جذبات پر قابو نہیں رہتا۔شہناز گِل کا کہنا تھا کہ ’وہ بہت اونچا روتی اور ہنستی ہیں، اْن کے ساتھی اداکار اور فلم ’حوصلہ رکھ‘ کے مرکزی کردار دلجیت دوسانج نے فلم کی شوٹنگ کے دوران اْن کا بہت ساتھ دیا اور اداکاری اور سین عکس بند کروانے میں کافی مدد کی۔‘