سفری پابندیاں: کرسمس پر اشیا کا حصول مشکل ہوسکتا ہے، اسکاٹش حکومت
گلاسگو ،اکتوبر۔ اسکاٹش حکومت کے ایکسٹرنل آفیئرز کے سیکرٹری اینگس رابرٹسن نے کہا ہے کہ برطانیہ کی لیبر مارکیٹ میں کارکنوں کی تعداد میں ریکارڈ کمی اور اشیاء کی سپلائی میں مشکلات پیدا ہونے کی ایک بڑی وجہ بریگزٹ ہے، انہوں نے برطانوی حکومت کی طرف سے نقل و حرکت کی آزادی ختم کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا نتیجہ سپرمارکیٹس کی خالی شیلف اور پٹرول سٹیشنوں پر لمبی لمبی قطاریں ہیں اور اس بات کا خدشہ ہے کہ کرسمس پر بھی سامان حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ رائل بنک آف سکاٹ لینڈ کی ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اس وقت برطانیہ میں ریکارڈ تعداد میں بالترتیب آئی ٹی، کمپیونگ، انجینئرنگ، کنسٹرکشن، اکائونٹی، فنانشل سیکٹرز جبکہ عارضی ملازمتوں کے لئے ہوٹل اور کیٹرنگ انڈسٹری وغیرہ میں فوری افراد کی ضرورت ہے۔ اینگس رابرٹسن کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس صورتحال کو پیدا کرنے میں بریگزٹ کا کوئی اتنا بڑا حصہ نہیں، اینگس رابرٹسن نے مزید کہا تھا کہ میں نے برطانیہ کے امیگریشن منسٹر کیون فاسٹر سے ملاقات کرکے سکاٹش حکومت کی طرف سے 24 ماہ کے ورکرز ویزے کی درخواست کی مگر انہوں نے مسترد کر دی۔