چرس پیتا ہوں،کروز شپ پر بھی چرس پینے جا رہے تھے: شاہ رخ کے بیٹے کا اعتراف
ممبئی،اکتوبر۔بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان نے ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی میں ممنوعہ نشہ آور اشیاءلے جانے اور پینے کا اعتراف کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کروز شپ پر تلاشی کے دوران تفتیشی افسر نے آریان خان اور ارباز مرچنٹ سے سوال کیا کہ کیا ان کے پاس کوئی نشہ آور چیز ہے؟ سوال کے جواب میں ارباز مرچنٹ نے تسلیم کیا کہ ان کے پاس چرس ہے جو انھوں نے جوتوں میں چھپائی ہوئی ہے۔میڈیا کا بتانا ہے بعد ازاں ارباز مرچنٹ کی جانب سے زپ لاک بیگ نکالا گیا جس میں سیاہ رنگ کا ایک مادہ موجود تھا، ڈی ڈی کٹ سے تجربے کے بعد برآمد اشیا کے چرس ہونے کی تصدیق ہوئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ارباز مرچنٹ سے 6گرام چرس برآمد ہوئی، دوران تفتیش ارباز مرچنٹ نے این سی بی کو بتایا کہ وہ آریان خان کے ساتھ منشیات کا استعمال کرتے رہے ہیں۔دوسری جانب آریان خان نے بھی تفتیش کے دوران چرس پینے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کروز شپ پارٹی پر بھی ارباز مرچنٹ سے برآمد کی گئی منشیات استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔خیال رہے کہ این سی بی نے گزشتہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔بعد ازاں عدالت نے آریان خان7 اکتوبر تک جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے آریان اور دیگر 7 ملزمان کو 14 روز کیلئے عدالتی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا تھا۔دوران تفتیش زیر حراست آریان این سی بی حکام کے سامنے بھی روپڑے تھے اور اعتراف کیا تھا کہ وہ تقریباً گزشتہ 4 برسوں سے منشیات لے رہے ہیں۔میڈیا کے مطابق این سی بی حکام کا بتانا ہے کہ دوران تفتیش آریان خان نے انکشاف کیا کہ جب وہ امریکا اور دبئی میں تھے تو اس دوران بھی وہ منشیات کا استعمال کیا کرتے تھے۔