پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آگ مزید بھڑکتی ہوئی

نئی دہلی ، اکتوبر۔بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے باعث ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگنے والی آگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ اس ہفتے کا آغاز بھی ان دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافے سے ہوا ہے۔ پیر کو مسلسل ساتویں دن پٹرول 30 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 35 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا۔ اس اضافے کے بعد دہلی میں پٹرول 104.44 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 93.17 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ ممبئی میں پٹرول 110.38 روپے اور ڈیزل 101 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا۔ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمت 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرچکی ہے اور ڈیزل بھی سنچری کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ریاستی دارالحکومتوں کے بارے میں بات کی جائے تو رانچی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک جیسی ہونے جا رہی ہیں۔ پٹرول 98.99 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 98.39 روپے فی لیٹر ہے۔مسلسل پانچ دن کی تیزی کے بعد پیر کو ان دونوں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تھی ، لیکن اس کے بعد سے یہ تیزی برقرار ہے۔ دارالحکومت دہلی میں ان دونوں ایندھنوں کی قیمتیں اب تک کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ پچھلے 10 دنوں میں پٹرول 2.80 روپے اور اسی عرصے میں ڈیزل بھی 3.30 روپے فی لیٹر مہنگا ہوچکا ہے۔اوپیک ممالک کے اجلاس میں تیل کی پیداوار چار لاکھ بیرل یومیہ اضافے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ کورونا کے بعد عالمی سطح پر اس کی مانگ میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔ اس فیصلے کے بعد سے بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور یہ سات سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ خام تیل میں اضافے کے بعد امریکہ نے اپنے اسٹریٹجک ذخائر استعمال کرنے کی بات کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے خام تیل کی برآمدات روکنے کا بھی اشارہ کیا ، جس کی وجہ سے خام تیل قیمتیں دوبارہ بڑھنے لگیں۔ پیر کو سنگاپور میں خام تیل کی تجارت کا آغاز فائدہ کے ساتھ ہوا۔ برینٹ کروڈ 0.99 ڈالر اضافے سے 83.38 ڈالر فی بیرل اور امریکی خام تیل 1.35 ڈالر سے بڑھ کر 80.70 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ملک کی سرخیل آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول 104.44 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 93.17 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکا ہے۔ اس اضافے کے بعد دہلی این سی آر کے نوئیڈا میں پٹرول 101.70 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 93.80 روپے فی لیٹر فروخت ہورہاہے ۔ اس وقت بھوپال میں پٹرول 112.96 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 102.25 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر ہر روز صبح 6 بجے سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہوتا ہے۔

Related Articles