نواز الدین اپنی انگلش فلم کی بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں نامزدگی پر خوش

ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی نے کہا ہے کہ جس طرح چند سال قبل ایرانی فلموں کا عروج آیا ہوا تھا بالکل اسی طرح اب کورین سینما اپنی بلندی پر ہے۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں ہونے والے فلم فیسٹول برائے سال 2021 کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ ان کی پہلی انگلش فیچر فلم نو لینڈز مین نے کم جیسیوک ایوارڈ، بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹول 2021 کے لیے نامزدگی حاصل کی ہے۔اس خصوصی موقع کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے نواز الدین صدیقی نے کہا کہ کورینز نے گزشتہ برس فلم میناری بنائی جو بڑی کامیاب رہی، مجھے خوشی ہے کہ میری فلم بوسان میں نامزدگی کے لیے جارہی ہے جو کوریائی فلموں کا مرکز ہے۔ واضح رہے کہ نواز الدین صدیقی کی اس انگلش فلم کا مقابلہ اپارنا سین کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم دی ریپسٹ سے ہے۔نواز الدین کے مطابق فلم دی ریپسٹ میں کام کے لیے ان سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن وہ اس سے قبل کسی اور سے وعدہ کرچکے تھے اس لیے اس وہ اس پروجیکٹ میں کام نہ کرسکے۔نواز الدین نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم میں سے ہی کوئی ایک ایوارڈ جیتے گا، اپارنا سین بڑی اچھی ڈائریکٹر ہیں میں انہیں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

Related Articles