ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ: کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر آرٹسٹ آف دی ایئر قرار
نیویارک،۔ستمبر-معروف کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کو ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈ 2021 کی تقریب میں آرٹسٹ آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔چالیسویں سالانہ ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈ 2021 کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد اتوار کو امریکی شہر نیویارک کے بارکلے سینٹر میں ہوا۔ایوارڈ کی سالانہ تقریب کا انعقاد اگست کے آخر یا ستمبر کے وسط میں کیا جاتا ہے جسے امریکی کیبل چینل ایم ٹی وی پر نشر کیا جاتا ہے۔امریکی شوبز میگزین ورائٹی کے مطابق رواں برس ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈ شو کی میزبانی ریپر و گلوکارہ دوجا کیٹ نے کی جب کہ شو میں ان سمیت گلوکار شون مینڈس، جسٹن بیبر، لِل ناس ایکس، گلوکارہ کمیلا کبیلو اور دیگر فن کاروں نے پرفارم کیا۔خبروں کے مطابق اتوار کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں گلوکار جسٹن بیبر کو آرٹسٹ آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ آرٹسٹ آف دی ایئر کے ایوارڈ کی نامزدگیوں میں جسٹن بیبر کے ساتھ گلوکارہ آریانا گرانڈے، دوجا کیٹ، ٹیلر سؤفٹ، اولیویا روڈریگو اور امریکی ریپر میگن دی اسٹالیئن شامل تھیں۔جسٹن بیبر کو ان کے گانے پیچز کے لیے بہترین پاپ سونگ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔امریکی گلوکارہ اولیویا روڈریگو کو ان کے گانے ڈرائیورز لائسنس پر سونگ آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ وہ بیسٹ نیو آرٹسٹ اور پْش پرفارمنس آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔امریکی ریپر لِل ناس ایکس کو ان کے گانے کال می بائے یور نیم پر ویڈیو آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔علاوہ ازیں ویڈیو فار گڈ کیٹیگری کا ایوارڈ امریکی گلوکارہ بلی ایلش کے گانے یور پاور کے نام رہا۔ بہترین گروپ کا ایوارڈ جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے بینڈ بی ٹی ایس کے نام رہا جب کہ یہ بینڈ اپنے گانے بٹر پر بہترین کے-پاپ کیٹیگری کا ایوارڈ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہا۔