Cop26 سے قبل 10 ہزار پولیس اہلکاروں کی خصوصی تربیت


لندن،۲؍ستمبر,اسکاٹ لینڈ پولیس کے مطابق گلاسگو میںCop26 سربراہ اجلاس سے قبل10,000 پولیس اہلکاروں کو امن عامہ کی خصوصی تربیت دی جارہی ہے،خصوصی تربیت حاصل کرنے والے ان پولیس اہلکاروں کو سربراہ اجلاس کے دوران روزانہ تعینات کیاجائے گا۔یہ برطانیہ کی تاریخ میں پولیسنگ کا سب سے بڑا آپریشن ہوگا،منصوبے کے مطابق اگست اور ستمبر کے دوران اسکاٹ لینڈ کے کم وبیش 2,500 افسران کو امن عامہ کی تربیت دی جائے گی،پیر کو اس حوالے سے ایڈنبرا کے قریب Cragiehall بیرکس میں ایک مشق کی گئی جس میں فسادات پر قابو پانے والے لباس پہنیہوئے پولیس اہلکاروں کو ایک مصنوعی مظاہرے سے نمٹنے کی ذمہ داری دی گئی ،جبکہ پولیس کے دیگر ارکان نے “Destruction Uprising”کے نام سے مظاہرین کا کردار ادا کیا، مشق کے دوران مظاہرین ایک بینک کے سامنے بیٹھ گئے یہ مظاہرہ ابتدا میں پرسکون انداز میں شروع ہوا لیکن بعد میں پرتشدد ہوگیا اور مظاہرین نے پولیس افسران پر مختلف چیزیں پھینکیں ،اس مشق میں گھڑ سوار پولیس نے بھی حصہ لیا۔ پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کے اس گروپ کو منتشر کرنے کیلئے فسادات کے دوران اپنے بچائو کیلئے استعمال کی جانے والی حفاظتی شیلڈز استعمال کیں جبکہ مظاہرین نے بیس بال کے بیٹ استعمال کئے ،اس تربیت کو دیکھنے کیلئے سیاستدانوں اور کمپینرز کے ایک گروپ کو بھی دعوت دی گئی تھی جن میں سے کچھ نے پولیس اور کچھ نے مظاہرین کا کردار ادا کیا ،لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی ایم ایس پی مونیکا لینن نے پولیس اہلکارکی حیثیت سے بوائلر سوٹ،بلٹ پروف جیکٹ پہن کر اس میں حصہ لیا۔انھوں نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ یہ بہت وزنی اور گرم تھی مجھے مختلف طرح کی چیزوں سے انڈے کی طرح ڈھک دیاگیاتھا لیکن اس سے یہ اندازہ ہوا کہ اس طرح کی صورت حال میں پولیس کو کیسا محسوس ہوتا ہے۔ اسکاٹ لینڈ پولیس کاکہناہے کہ وہ Cop26 کے دوران کسی بھی مظاہرے کی صورت میں کارروائی کرتے ہوئے حقوق انسانی کی پاسداری کرے گی۔پوری دنیا کے رہنما کلائمٹ چینج کے مسئلے پر غور کیلئے گلاسگو میں جمع ہوں گے جسے Cop26 کا نام دیا گیا ہے۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ پولیس مظاہرہ کرنے والے گروپوں سے رابطے میں ہیں اور پر امن مظاہرے کی اجازت دی جائے گی۔ڈپٹی چیف کانسٹیبل ویل کیر کا کہناہے کہ اسکاٹ لینڈ کی پولیس حقوق کا خیال رکھتی ہے اور اپنی اقدار،وقار ،شفافیت ،احترام اور حقوق انسانی کو اولیت دیتی ہے۔جس کے معنی یہ ہیں کہ ہمCop26 کے دوران مظاہرہ اور جوابی مظاہرہ کرنے والے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے اور کسی بھی مظاہرے کی صورت میں مناصب اقدام کریں گے ،انھوں نے کہا کہ مظاہرے کے دوران پولیس کی پوری توجہ مظاہرے کی شدت کم کرنے پر ہوگی ،اس سوال کے جواب میں کہ کیا اسکاٹ لینڈ کی پولیس خفیہ افسران کو بھی استعمال کرے گی انھوں نے کہا کہ انتہائی غیر معمولی صورت حال میں انھیں تعینات کیا جاسکتاہے۔ گلاسگو، پورے برطانیہ اور پوری دنیا میں اس سال نومبر میں پورے برطانیہ میں مظاہرے کے پروگرام بنانے والی تنظیم کے کوآرڈی نیٹر Nguyen Quan نے کہا کہ اس طرح کے حربوں کے استعمال پر احتساب ناقابل یقین بات ہے۔ اس موقع پر گلاسگو اور پورے برطانیہ اور دنیا بھر میں مظاہروں کا اہتمام کرنے والی تنظیم کے اسکاٹ لینڈ میں کوآرڈی نیٹر نے کہا کہ مظاہرے اور اختلاف رائے صحت مند جمہوریت کیلئے بہت اہم اور ضروری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو انتہائی غیر شفاف COP کو چیلنج کرنا چاہئے بصورت دیگر ہم اس پورے کرہ ارض کو خوف میں مبتلا کردینے والے کلائمٹ چینج کامقابلہ نہیں کرسکیں گے۔ انھوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 6نومبر کو کلائمٹ کے ساتھ انصاف کیلئے مظاہرے میں شریک ہوں۔

 

Related Articles