افغان بلے باز نجیب تراکئی کا سڑک حادثہ میں انتقال
کابل ، افغانستان کے اوپنر نجیب تراکئی منگل کے روز ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد چل بسے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی نجیب تراکئی خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں زخمی ہوگئے تھے۔گذشتہ روز بتایا گیا تھا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی 29 سالہ نجیب تراکئی خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کوما میں چلے گئے۔افغان کرکٹ بورڈ کے سابق میڈیا منیجر محمد ابراہیم مہمند نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ نجیب تراکئی گزشتہ 22 گھنٹوں سے کوما میں تھےان کے سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔نجیب تراکئی کی کار کو حادثہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں پیش آیا۔انہیں زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ان کے سر پر گہری چوٹیں آئیں جس کے سبب وہ کوما میں چلے گئے تھے ۔
محمد ابراہیم مہمند نے بتایا کہ مداحوں کی جانب سے افغانستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ نجیب تراکئی کو علاج کے لیے کابل یا بیرون ملک منتقل کیا جائے۔افغان کرکٹ ٹیم نے کھلاڑی کی موت کی تصدیق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بھی کی۔انہوں نے نجیب تراکئی کی موت پرگہرے غم کا اظہار کیا۔افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 29 سالہ کھلاڑی کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔
دوسری جانب کرکٹ کے مداحوں نے بھی 29 سالہ نجیب تراکئی کی اچانک وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔کرکٹ کے مداحوں کا کہنا ہے کہ کھییل کے میدان میں نجیب تراکئی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔نجیب مشرقی ننگرہار میں گروسری اسٹور سے سڑک عبور کررہے تھے کہ وہاں سے گزرنے والی گاڑی نے ٹکر ماردی جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے نجیب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ نجیب نے اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ 2014 میں زمبابوے اے کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ ایک بہترین فرسٹ کلاس کرکٹ کھلاڑی تھے اور 24 میچوں میں ان کی اوسط 47.2 تھی۔ گذشتہ سال اپریل میں انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔انہوں نے افغانستان کے لئے 12 ٹی ٹونٹی اور ایک ون ڈے بھی کھیلا۔ سال 2017 میں انہوں نے اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹی 20 میچ میں اپنا سب سے زیادہ اسکور 90 کیا تھا ۔