جموں و کشمیر میں ایل سی پر گولہ باری، تین فوجی جوان ہلاک پانچ دیگر زخمی
سری نگر/ جموں،شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نوگام سیکٹر میں جمعرات کو پاکستانی فائرنگ سے فوج کے دو اہلکار ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
قبل ازیں ضلع پونچھ کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں ایل او سی پر بدھ کی شب ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔
سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ ضلع کپوارہ کے نوگام سیکٹر میں پاکستانی فوج نے جمعرات کی صبح بلا اشتعال بھارتی فوج کو نشانہ بنا کر مارٹر گولے داغے اور دوسرے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں بھارتی فوج کے دو اہلکار ہلاک جبکہ دیگر چار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔