آپ کے درگیش پاٹھک نے دہلی میں 11500 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی

نئی دہلی، جون۔عام آدمی پارٹی (آپ) کے امیدوار درگیش پاٹھک نے دہلی کے راجندر نگر اسمبلی ضمنی انتخاب میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار راجیش بھاٹیہ کو 11000 سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جہاں درگیش پاٹھک کو 40319 ووٹ ملے وہیں ان کے قریبی حریف بھاٹیہ کو 28851 ووٹ ملے۔ جیت کا فرْ 11468 ووٹ تھا۔ کانگریس کی امیدوار پریم لتا کو ضمنی انتخاب میں محض 2014 ووٹ ملے۔ مسٹر پاٹھک کی اس جیت کے ساتھ ہی آپ نے راجندر نگر میں جیت کی ہیٹ ٹرک کرلی ہے۔ مسٹر پاٹھک سے پہلے، مسٹر راگھو چڈھا کو عوام نے 2020 میں اپنا ایم ایل اے منتخب کیا تھا، لیکن پارٹی نے اب انہیں پنجاب سے راجیہ سبھا بھیج دیا ہے۔ اسی وجہ سے یہاں ضمنی انتخابات ہوئے، جس میں درگیش پاٹھک نے کامیابی حاصل کی۔وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس جیت پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے ان کی گندی سیاست کو شکست دی اور ہمارے اچھے کام کو سراہا۔ جیت کے اعلان کے بعد مسٹر پاٹھک نے کہا کہ یہ ان کی جیت نہیں ہے بلکہ وزیر اعلی اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی کے کاموں کی جیت ہے۔ بی جے پی کا یہاں کوئی ایجنڈا نہیں تھا، وہ پہلے ہی دن الیکشن ہار گئی تھی۔ انہیں یہاں کے آئندہ بلدیاتی انتخابات سمیت ہر الیکشن میں شکست ہوگی۔ دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر رنبیر سنگھ نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے تمام 16 راؤنڈ مکمل ہو چکے ہیں۔ راجندر نگر اسمبلی سیٹ پر 23 جون کو ہوئے ضمنی انتخاب میں محض 43.75 فیصد پولنگ ہوئی تھی۔ اس بار یہاں چودہ امیدوار انتخابی میدان میں اترے تھے، لیکن شروع سے ہی اصل مقابلہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان دیکھا جا رہا تھا۔

 

Related Articles