بلاک بسٹر فلم ’گجنی‘ کا سیکوئل بنائے جانے کا امکان
ممبئی،مئی۔بولی ووڈ سْپر اسٹار عامر خان اپنے ساتھی پروڈیوسر کے ساتھ بلاک بسٹر فلم ’گجنی‘ کا سیکوئل بنانے میں مصروف ہیں۔بھارت میڈیا فلم فئیر کی رپورٹ کے مطابق بولی ووڈ میں مسٹر پرفیکٹ کے نام سے مشہور عامر خان نے گزشتہ سال نومبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ کچھ وقت کے لیے اداکاری نہیں کریں اور نئی فلمیں بنانے پر توجہ دیں گے۔چونکہ عامر خان اس وقت فلم پروڈیوس کرنے پر توجہ دے رہے ہیں تو اسی دوران میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہے کہ اداکار 2005 کی ایکشن تھرلر فلم گجنی کا پارٹ 2 بنانے کے خواہش مند ہے، بھارٹی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ عامر خان اپنے نئے پروجیکٹ کے لیے شہر حیدرآباد کا کئی بار دورہ کرچکے ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ عامر خان ساتھی پروڈیوسر اللو اروند کے ساتھ اس پروجیکٹ کے حوالے سے گفتگو کررہے ہیں۔عامر خان کی ساتھی پروڈیوسراللو اروند کے ساتھ گجنی پارٹ 2 کے ممکنہ پروجیکٹ کے حوالے سے ملاقات بھی ہوئی اور اس حوالے سے تعاون کا اظہار کیا۔یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ فلم کا اسکرپٹ اگلے کچھ ماہ میں حتمی طور پر طے ہوجائے گا۔تاہم اس حوالے اداکار عامر خان کی جانب سے تصدیق یا کوئی پیشرفت نہیں ہوسکے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم گجنی 2 کے حوالے سے تمام معاملات کو خفیہ رکھا جارہا ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ عامر خان نے سلمان خان کو اپنے پروڈکشن ہاؤس کے تحت ایک نئی فلم کی پیشکش کی ہے ، گزشتہ 6 ماہ سے عامر خان ہدایت کار آر ایس پرسنا کے ساتھ اسکرپٹ پر کام کررہے ہیں، اطلاعات کے مطابق سلمان خان نے بھی عامر خان کے پروجیکٹ کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔اسکرین پر عامر خان کی دوبارہ واپسی کے لیے ان کے مداح بے صبری سے انتظار کررہے ہیں اور اسی اثنا میں ’گجنی 2‘ سے متعلق خبروں سے مداحوں کو مزید پْرجوش کردیا ہے۔یاد رہے کہ عامر خان کی بلاک بسٹر فلم گجنی 2005 میں ریلیز کی گئی تھی، یہ فلم اس وقت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بن گئی تھی، اور اسے ’آل ٹائم بلاک بسٹر‘ قرار دیا گیا تھا۔اس فلم کا ریکارڈ 2009 میں ریلیز ہونے والی عامر خان کی ’ تھری ایڈیٹس’ نے توڑا تھا۔عامر خان جو شروع میں چاکلیٹ بوائے کے روپ میں نظر آتے تھے، وہ فلم ’گجنی‘ میں بالکل نئے روپ میں سامنے آئے تھے، یعنی ایک ایسے شخص کا کردار انہوں نے نبھایا جو کوئی بات زیادہ دیر تک یاد نہیں رکھ پاتا،اس کردار کے لئے انھوں نے اپنا جسم بنانے میں بھی کافی محنت کی تھی۔عامر خان کی کئی فلمیں بلاک بسٹر رہی ہیں اور مداحوں کی جانب سے ان کی فلموں کو پسند بھی کیا جاتا ہے، اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان کی فلموں میں ایک پیغام چھپا ہوتا ہے، جس سے ہر کوئی متاثر ہوجاتا ہے۔مثال کے طور پر 2007 کی فلم تارے زمین پر، 2014 کی فلم پی کے، 2016 کی فلم دنگل، 2017 کی سکرٹ سپر اسٹار اور 2022 کی فلم لال سنگھ چڈا نے بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑے تھے۔اس کے علاوہ 2013 کی فلم دھوم 3 نے بھی کافی پزیرائی سمیٹی تھی۔