مودی نے کانگریس پر دہشت گرد رجحانات کے ساتھ کھڑا ہونے کا الزام لگایا
بیلاری، مئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کرناٹک میں ایک انتخابی ریلی میں اپنی تقریر کا آغاز جئے شری رام اور جئے بجرنگ بالی کے نعروں کے ساتھ کیا اور کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ دہشت گردی کی سازش پر مبنی دستاویزی فلم کیرالہ اسٹوری کی مخالفت کرتے ہوئے دہشت گردانہ رجحانات کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ’’بم، بندوق اور پستول کی آواز توسنائی دیتی ہے لیکن معاشرے کو اندر سے کھوکھلا کرنے کی دہشت گردی کی سازش کی آواز سنائی نہیں دیتی۔ عدالت نے بھی اس قسم کی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فلم کیرالہ اسٹوری کا ان دنوں بہت چرچا ہو رہا ہے جو دہشت گردی کی ایسی ہی ایک سازش پر مبنی ہے۔مسٹرمودی نے کہا، ایسا کہا جاتا ہے کہ کیرالہ اسٹوری کی کہانی صرف ایک ریاست میں دہشت گردانہ سازشوں پر مبنی ہے۔ ملک کی اتنی خوبصورت ریاست کیرالہ میں چل رہی دہشت گردانہ سازش کو اس فلم میں دکھایا گیا ہے جہاں کے لوگ بہت محنتی اور باصلاحیت ہیں۔وزیر اعظم نے کہا، لیکن ملک کی بدقسمتی دیکھئے کہ آج کانگریس اس دہشت گردانہ رجحان کے ساتھ کھڑی نظر آرہی ہے، جو سماج کو برباد کر رہی ہے۔مسٹر مودی نے کانگریس اورممنوعہ پیپلز فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کی سیاسی ونگ ایس ڈی پی آئی کے درمیان گٹھ جوڑ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، صرف یہی نہیں، کانگریس ایسے دہشت گرد رجحانات والے لوگوں کے ساتھ بیک ڈور سیاسی ڈیل بھی کر رہی ہے۔