اسد حکومت کو شامل کرنے کی کوششوں کو احتیاط سے جانچیں، بلنکن نے مصر کو خبردار کیا
واشنگٹن/قاہرہ،مئی۔اعلیٰ امریکی سفارت کار انٹونی بلنکن نے مصر کو خبردار کیا کہ وہ غور سے اس بات کا جائزہ لے کہ آیا اسد حکومت کو شامل کرنے کی کوششوں سے شامی عوام کو کوئی فائدہ پہنچا۔اس بات کا اظہار انہوں نے اپنے مصری ہم منصب سے فون کال کے دوران کیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق منگل کو ایک فون کال کے دوران، انٹونی بلنکن اور ان کے مصری ہم منصب سامح شکری نے عمان کی میزبانی میں شام کے بارے میں ہفتے کے آخر میں ہونے والی ملاقات پر تبادلہ خیال کیا۔مصر ان عرب اور خلیجی ریاستوں میں شامل ہے جنہوں نے حالیہ مہینوں میں شام کے صدر کے ساتھ رابطے بحال کیے ہیں۔بشار الاسد اور ان کے وزیر خارجہ کو، ایک دہائی سے زیادہ تنہائی اور عرب لیگ سے نکالے جانے کے بعد، عرب دارالحکومتوں میں خوش آمدید کہا گیا ہے۔محکمہ خارجہ نے اس فون کال کے ریڈ آؤٹ میں کہا، سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ اسد حکومت کے ساتھ (سفارتی بحالی عمل میں) مصروف افراد کو احتیاط سے دیکھنا چاہیے کہ یہ کوششیں شامی عوام کی ضروریات کو کیسے پورا کر رہی ہیں۔ دونوں نے سوڈان میں جنگ بندی کو بڑھانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔