جیا خان کی والدہ رابعہ خان کیس کی ناکامی کی وجہ ہیں ، عدالت
ممبئی،مئی۔بالی ووڈ اداکارہ جیا خان خودکشی کیس میں اداکارہ کی والدہ رابعہ خان ہی کیس کی ناکامی کی وجہ قرار دے دی گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وکیل استغاثہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیا خان کی والدہ رابعہ خان کے متضاد بیانات اور حقائق کو چھپانے کی وجہ سے کیس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور اداکار سورج پنچولی بے گناہ ثابت ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ سی بی آئی کی خصوصی عدالت کا کہنا ہے کہ رابعہ خان نے اپنی شکایت میں دونوں تفتیشی افسران اور استغاثہ پر عدم اعتماد ظاہر کرتے ہوئے ان پر الزامات عائد کئے کہ انہوں نے تحقیقات درست انداز میں نہیں کی۔وکیل نے بتایا کہ انہوں نے خودکشی کے مقدمے کو قتل کا مقدمہ ظاہر کرنے کی کوشش کی، یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس کیس میں قتل کے کوئی شواہد نہیں ملے۔وکیل استغاثہ نے کہا کہ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ اداکارہ کی والدہ نے سب کے سامنے اپنے ہی سابقہ بیانات مسترد کر دیئے، جس کی وجہ سے کیس کمزور ہوگیا۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے اس بات کا بھی مشاہدہ کیا کہ والدہ رابعہ خان کی جانب سے کمزور شواہد کے باوجود بھی ہم نے ان کی درخواست پر اتنے عرصے تک کیس کو جاری رکھا لیکن انہوں نے اپنے علاوہ ہر ایک پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔وکیل استغاثہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رابعہ خان نے پوسٹ مارٹم کرنے والی ڈاکٹرز کی ٹیم، جنہوں نے جیا خان کی خودکشی کی تصدیق کی تھی، پر بھی شکوک کا اظہار کیا اور ان کی رپورٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا جبکہ رابعہ خان کی جانب سے جمع کروائے گئے شواہد کسی بھی نتیجے پر پہنچنے کے لئے ناکافی تھے۔انہوں نے بتایا کہ عدالت نے جیا خان کی لاش کے پاس سے ملنے والے خط پر بھی شبہات ظاہر کئے جو رابعہ خان کوجیا خان کی موت کے چار دن بعد اچانک اس کی ڈائری سے ملا۔وکیل نے بتایا کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ لکھا ہے کہ رابعہ خان نے مذکورہ خط تحقیقات کے لئے عدالت میں جمع کروانے سے انکار کردیا تاہم اسے میڈیا میں شائع کروا دیا، جس میں جیا خان نے اپنے اور سورج پنچولی کیخراب تعلقات کا تذکرہ کیا تھا۔عدالت نے مذکورہ خط کی شفافیت پر شبہات ظاہر کئے اور ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر سوال اْٹھائے۔دوسری جانب رابعہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاموش نہیں رہیں گی ہائی کورٹ سے رجوع کریں گی۔ان کا کہنا ہے کہ سی بی آئی کی عدالت نے مبینہ خودکشی پر فیصلہ سنایا ہے لیکن یہ کیس قتل کا ہے، عدالت کے اس فیصلے سے میرا کیس اور مضبوط ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ 28 اپریل کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے اداکارہ جیا خان کو مبینہ طور پر خودکشی پر اْکسائے جانے کے کیس میں 10 سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے ثبوتوں کی عدم موجودگی کی بنیاد پر اداکار سورج پنچولی کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کر دیا تھا۔