بوڑھے کی فرسودہ بات‘‘ کِم جونگ اْن کی بہن نے بائیڈن کو آڑے ہاتھوں لے لیا
پیونگ یانگ،اپریل۔شمالی کوریا کے رہنما ’’کِم جونگ اْن‘‘ کی بااثر بہن نے امریکی صدر جو بائیڈن کو جوہری دھمکیاں دینے پر تنقید کا نشانہ بناڈالا اور کہا کہ یہ ’’بوڑھے کی فرسودہ بات‘‘ ہے۔ جو بائیڈن کا جواب شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں میں اضافے سے دیا جائے گا۔’’کِم یو جونگ‘‘ کے تبصرے کو ہفتے کے روز سرکاری میڈیا پر جاری کیا گیا۔ اس ہفتے واشنگٹن میں جو بائیڈن اور جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کے درمیان پیانگ یانگ کے خلاف اپنی قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے ہونے والی ملاقات پر شمالی کوریا کی جانب سے یہ پہلا رد عمل سامنے آیا ہے۔ اس رد عمل میں امریکی صدر بائیڈن کے پروپیگنڈا آپریٹس کا ذکر بھی کیا گیا۔شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اْن کی بہن "کِم یو جونگ” نے بائیڈن اور یون کے درمیان طے پانے والے "واشنگٹن ڈیکلریشن” کو ڈی پی آر کے کی طرف شیطانی دشمنی کی پالیسی کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ انتہائی مخالفانہ اور جارحانہ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔کم یو جونگ نے مزید کہا کہ جب امریکہ اور جنوبی کوریا خطے میں مزید جوہری اثاثے لاتے ہیں تو شمالی کوریا اس کے براہ راست تناسب میں اپنے ہتھیاروں کو بڑھا کر جواب دے گا۔یونہاپ نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی کوریا کی یونیفیکیشن منسٹری نے "کم یو جونگ” کے دعووں کو بہت دور کی بات کہا اور اسے شمالی کوریا کی پست ترین سطح کا عکاس قرار دیا۔سرکاری میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے اتوار کے روز اپنے "فوجی ڈیٹرنس” کو بڑھانے کے عزم کے ساتھ بیان بازی میں اضافہ کیا۔ KCNA کی طرف سے کی جانے والی ایک تبصرے میں جنوبی کوریا کے صدر کے امریکی دورے کو سب سے زیادہ معاندانہ، جارحانہ، اشتعال انگیز اور جوہری جنگ کے لیے ایک خطرناک دورہ قرار دیا گیا۔