نیٹ فلکس کا جنوبی کوریا میں 2.5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان
سیول،اپریل۔جنوبی کوریا کے ڈرامے اور فلمیں دنیا بھر میں مشہور ہیں اور شائقین اسے بے حد شوق سے دیکھتے ہیں، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیٹ فلکس نے جنوبی کوریا میں ڈھائی ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول رواں ہفتے امریکا کے پہلے سرکاری دورے پر روانہ ہوئے جہاں انہوں نے اپنی پہلی ملاقات امریکی صدر جو بائیڈن کے بجائے امریکی اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے شریک بانی ٹیڈ سرینڈوس سے کی۔ملاقات کے بعد نیٹ فلکس نے اعلان کیا کہ وہ اگلے 4 سالوں میں نیٹ فلکس پر کوریائی مواد کیلئے 2 ارب 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، جو نیٹ فلکس کی جانب سے اب تک جنوبی کوریا کے مواد کیلئے خرچ کی گئی سب سے خطیر رقم ہے۔کمپنی کے شریک بانی نے کہا کہ جنوبی کوریا کے ڈراموں اور فلموں کی کہانیاں پوری دنیا میں مشہور ہیں، اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں نیٹ فلکس کے 23 کروڑ 30 لاکھ صارفین میں سے 60 فیصد سے زائد صارفین جنوبی کوریا کی فلمیں، ڈرامے اور رئیلٹی شوز دیکھتے ہیں۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صرف نیٹ فلکس ہی نہیں جنوبی کوریا کے مواد سے فائدہ اٹھانا چاہتے بلکہ اس کے علاوہ ڈزنی پلس، ایپل ٹی وی اور ایشیا کا ویو ٹی وی بھی جنوبی کوریا میں سرکاریہ کاری کررہا ہے۔2021 میں جنوبی کوریا کی بنائی گئی’اسکویڈ گیم’ نیٹ فلکس کی اب تک کی سب سے مقبول سیریز ہے جس کی لانچنگ کے بعد پہلے 28 دنوں میں اسے 11 کروڑ 10 لاکھ صارفین نے اسٹریم کیا۔اسکویڈ گیم کے ساتھ ساتھ جنوبی کوریا کی دیگر سیریز بھی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہیں جن میں آل آف اَس آر ڈیڈ (All of Us Are Dead) ، دی گلوری (سیزن ون) اور ایکسٹرا آرڈینری اٹارنی وو (Extraordinary Attorney Woo) شامل ہیں۔یورپی ممالک کے علاوہ بھارت، بنگلادیش اور پاکستان میں بھی جنوبی کوریا کے ڈرامے اور فلمیں بہت شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔