ایران اور عراق کے رہنماؤں نے تعاون کو مضبوط بنانے کا عزم کیا
تہران، اپریل ۔ ایران کے سپریم لیڈر مسٹرعلی خامنہ ای نے صدر ابراہیم رئیسی اور عراقی صدر عبداللطیف راشد کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی توسیع اور پہلے سے دستخط شدہ دوطرفہ معاہدوں پر عمل درآمد دونوں فریقوں کے مفادات کو پورا کرتا ہے۔مسٹر خامنہ ای نے دونوں رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ میں یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی ترقی اور خوشحالی ایران کے لیے بہت اہم ہے لہذا ایران ہمیشہ عراق کے ساتھ کھڑا رہے گا اور اسے مزید ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اتحاد بیرونی سیاسی عوامل سے متاثر نہیں ہوسکتا ہے، اس لیے ہمیں دوطرفہ تعلقات کا تحفظ کرنا چاہیے اور اسے آگے لے جانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی ہوگی۔عراقی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستقل اور مضبوط رہے ہیں۔قبل ازیں مسٹررئیسی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھاکہ ایران اور عراق کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات ہیں اور مسٹر راشد کی قیادت میں عراقی دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر، پانی، بجلی، گیس اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط کیا جائے گا۔مسٹر راشد نے منشیات کی تجارت کے خلاف جنگ میں ایران کے ساتھ زیادہ تعاون پر زور دیا۔