معروف بھارتی اداکار سراٹھ بابو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل
حیدر آباد،اپریل۔معروف بھارتی اداکار سراٹھ بابو حیدرآباد کے ہسپتال میں داخل ہیں، ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 71 سالہ اداکار اے آئی جی ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر ہیں، ان کی طبعیت کچھ عرصے سے ناساز ہے، جنہیں 20 اپریل کو بنگلورو سے حیدرآباد لایا گیا تھا اور اے آئی جی ہسپتال میں داخل کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اداکار متعدد اعضا خراب ہونے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں، انہیں اسیپسس نامی بیماری ہے، جس سے گردے، پھیپھڑے، جگر اور دیگر اعضا متاثر ہوتے ہیں۔حالیہ ہفتوں میں انہیں دوسری بار ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے، اس سے قبل انہیں چنئی کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔سراٹھ بابو کا اصلی نام ستیم بابو ہے، انہوں نے اپنے اداکاری کیریئر کا آغاز 1973 میں ایک تیلگو فلم سے کیا، وہ بنیادی طور پر تیلگو اور تامل فلموں میں اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں، تاہم انہوں نے چند ملیالم اور ہندی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔سراٹھ بابو کو بہترین معاون اداکاری کرنے پر 9 بار نندی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے سراٹھ بابو پولیس افسر بننا چاہتے تھے لیکن نظر ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنا خواب پورا نہ کر سکے۔ان کے والد چاہتے تھے کہ وہ ان کے کاروبار میں ہاتھ بٹائیں لیکن اپنی والدہ کی مدد سے انہوں نے فلمی زندگی میں قدم رکھا۔