ٹویٹر پر متوفی مشہور شخصیات کے لیے بلیو ٹک کی سہولت میسر

نیویارک،اپریل۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر صارفین کو ان دنوں بلامعاوضہ بلیو ٹک ہٹائے جانے کے بعد جعلی اکاؤنٹس کی بھرمار کا سامنا ہے جبکہ بعض پروفائل ایسے ہیں جنہیں بلیو ٹک دینے پر صارفین سوال اٹھا رہے ہیں۔ ٹویٹر پر بعض معروف شخصیات جو برسوں پہلے مر چکی ہیں کے پاس اب بامعاوضہ تصدیقی اکاؤنٹس ہیں۔ جس پر صارفین کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی میں تضاد کا ایک اور مظہر ہے۔مشہور شیف اینتھونی بورڈین اور نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے کھلاڑی کوبی برائنٹ کے ٹوئٹر پروفائلز کو نیلے رنگ کے نشانات کے ساتھ دیکھ کر لوگ الجھن میں پڑ گئے۔ بورڈین کا انتقال 2018 میں ہوا اور برائنٹ 2020 میں انتقال کر گئے تھے۔معروف صحافی اور کالم نگار جمال خاشقجی، جن کا 2018 میں انتقال ہو گیا تھا ، کے پروفائل کے لیے بھی بلیو ٹِک کا اضافہ کیا گیا ہے۔صارفین کی الجھن مزید بڑھ گئی جب بلیو ٹک کے ساتھ ایک وضاحت میں کہا گیا کہ اکاؤنٹ کی تصدیق کی گئی ہے کیونکہ انہوں نے ٹویٹر بلیو کو سبسکرائب کیا ہے اور اپنے فون نمبر کی تصدیق کی ہے یہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ 8 ڈالر ماہانہ سروس کے لیے کس نے ادائیگی کی، کیوں کہ یہ اکاؤنٹ سالوں سے غیر فعال ہیں۔بعض اور متوفی مشہور شخصیات کے اکاؤنٹس پر بلیو ٹِکس ہیں جیسے کہ گلوکار مائیکل جیکسن، کامک بْک آرٹسٹ اسٹین لی اور اداکار چاڈوک بوسمین، حالانکہ ان اکاؤنٹس کو دوسرے لوگ چلا رہے ہیں۔اگرچہ متوفی شخصیات کے پروفائلز کو بلیو ٹِکس ملنے کی کوئی وجہ فوری طور پر نہیں دی گئی۔ تاہم پلیٹ فارم کے مالک ایلون مسک نے اس سے پہلے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ باسکٹ بال کھلاڑی لیبرون جیمز، مصنف اسٹیفن کنگ، اور اداکار ولیم شیٹنر، سمیت صارفین کے ٹوئٹر بلیو سبسکرپشنز کے لیے ذاتی طور پر ادا کر رہے ہیں۔ٹویٹر، جس کی اب تک کوئی مواصلاتی ٹیم نہیں ہے، نے تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

 

Related Articles