یوپی: طویل وقفہ کے بعد تاج محل سمیت دیگر سیاحتی مقامت کھلے
آگرہ/لکھنؤ: گذشتہ چھ مہینوں تک سیاحوں کے داخلے پر پابندی کے بعدپیر کو آگرہ کے تاج محل سمیت ریاست کے دیگر سیاحتی مقامات کو عوام کے لئے کھول دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کورونا وائرس کے حفاظتی احتیاط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔188 دنوں کے وقفے کے بعد صرف 5000ہزار سیاحوں کو ہی آگرہ کے تاج محل اور 2500افراد آگرہ فورٹ کا دیدار کرسکیں گے۔کووڈ۔19 کے پروٹوکول کے مطابق جسمانی فاصلہ اور ماسک کا پہننا لازمی ہوگا۔سیاحوں کو شفٹ کے اعتبار سے داخلہ دیا جائےگا۔
دہلی کے رہنے والے سبھم نامی سیاح نے سب سے پہلے صبح 5:40 پر مغربی گیٹ سے تاج محل کے احاطے میں داخلہ حاصل کیا۔ جس کے بعد چین کے لیان چنگ مشرقی گیٹ سے داخل ہوئے۔تاج محل اور آگرہ فورٹ کی ٹکٹ آن لائن ہی خریدے جاسکتے ہیں۔
تاج محل اور آگرہ فورٹ کے علاوہ لکھنؤ میں تاریخی بڑا امام باڑہ اور چھوٹا امام باڑہ کو بھی مکمل کووڈ پروٹوکول کے ساتھ دوبارہ عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔17مارچ کو مکمل طور سے بند کردئے گئے عوامی سیاحتی مقامات کی اترپردیش میں ری اوپننگ ان لاک۔4 کے تحت کی جارہی ہے۔
تاج محل اور آگرہ فورٹ کے دوبارہ کھلنے کے فیصلے کے ساتھ ٹورزم انڈسٹر پراعتماد ہے کہ اقتصادی بحران پر کچھ قابو حاصل کیا جاسکے گا۔ان لاک۔4 کی گائیڈ لائنس کے مطابق اترپردیش حکومت نے اوپن ائیر تھیئٹرس،اسپورٹس ،مذہبی سرگرمیوں کی اجازت دی ہے۔تاہم کنٹین منٹ زون میں لاک ڈاؤن جاری رہے گا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائےگی۔
تاہم یوپی حکومت نے اسکول اور کالجز کے دوبارہ کھولنے جانے کی اجازت نہیں دی ہے اس پر اکتوبر میں فیصلہ لیا جائےگا۔