انسانی زندگی کے اہم مراحل کا ادراک اور انجام دہی کی فکر

ماہرین عمرانیات نے ایک کامیاب زندگی گزارنے کے لئے کچھ بنیادی مہارتوں کو اہم قرار دیا ہے اور انہیں چار گروپوں میں تقسیم کیا ہے۔ اِن میں پہلی بنیادی مہارت یعنی پڑھنا، لکھنا، حساب دانی، بولنا اور سننا ہے۔ دوسری غورو فکر کی مہارت جس میں تخلیقی سوچ، مسائل کا حل، فیصلہ سازی اور پیش بینی شامل ہے۔ تیسری سماجی مہارت میں باہم میل جول، مذاکراتی ہنر، قیادت کرنا، ٹیم ورک اور ثقافتی تنوع وغیرہ شامل ہیں اور چوتھی ذاتی جائزہ جس میں اپنا جسمانی خیال رکھنا، ذاتی احتساب، خود نظمی، احساس ذمہ داری، کردار سازی وغیرہ شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق جس کو ان مہارتوں پہ جتنا عبور حاصل ہوگا وہ اُتنا ہی کامیابی حاصل کرے گا۔ ان میں سے بیشتر ہنر اسکول میں سیکھے جاتے ہیں اور نصاب تعلیم کا حصہ ہونا چاہئے۔ اچھے اداروں سے فارغ التحصیل طلباء بھی عملی زندگی میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ روشن مستقبل ہر شخص کے زندگی میں اہمیت کا حامل ہوتا ہے اس میں بہتری کے لئے ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے تاکہ زندگی خوشی کے ساتھ گزر سکے۔ سائنس نے یہ ثابت کیا ہے کہ اس عمل میں پانچ مراحل اہم کردار ادا کرتے ہیں، پہلا مرحلہ نشو نما کا ہے جو چار سال سے چودہ سال کی عمر پر محیط ہے۔ اس میں اپنے دلچسپی اور بہتری کی طرف راغب ہونا اور اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ضروری ہے اور اسی حصہ کے آخر میں اپنے مستقبل کی فکر کا آغاز ہوتا ہے۔ دوسرا حصہ تلاش اور نئے تجربات کا ہے جو چودہ سال سے ۲۵ سال کی عمر پر مشتمل ہوتا ہے جس میں بنیادی طور پر انسان سمجھدار ہوتا ہے اور نوجوان نئے نئے طریقے اور نئی راہوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ اس دور میں نوجوان اپنے مستقبل کے لئے مفید فیصلے کرتے ہیں اور اپنے لئے ایک سازگار میدان کا انتخاب کرتے ہیں۔ تیسرے مرحلے میں فردِ واحد اپنے منتخب میدان میں اپنے آپ کو منظم کرنے کی کوشش کرتا ہے اور ایک اچھی پوزیشن میں آتا ہے۔ چوتھے مرحلے میں انسان اپنے کیریئر کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہے، نئے جذبے سے آگے بڑھتا ہے۔ اگر ایک انسان نے اِن چار مراحل میں کامیابی حاصل کر لی اور محنت سے زندگی گزاری تو زندگی کا آخری مرحلہ یعنی عمر رسیدگی کا دور آسانی سے گزر جاتا ہے۔

Related Articles