عرفان خان کی آخری فلم ان کی تیسری برسی پر ریلیز کرنے کا اعلان
ممبئی،اپریل۔بولی وڈ کے ورسٹائل مرحوم اداکار عرفان خان کی آخری بولی وڈ فلم ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ ان کی تیسری برسی پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔عرفان خان 53 برس کی عمر 29 اپریل 2020 کو کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔دنیا فانی سے کوچ کرنے سے قبل زندگی کے آخری ایام میں انہوں نے اپنی مقبول فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل ’انگلش میڈیم‘ اور ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ کی شوٹنگ کروائی تھی۔’انگلش میڈیم‘ کو تو عرفان خان کی زندگی میں ہی ریلیز کردیا گیا تھا، تاہم ایرانی اداکارہ گولشفتھ فرحانی کے ساتھ ان کی آخری فلم ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ کو ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔ان کی مذکورہ فلم کو اگرچہ متعدد فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے، تاہم اب اداکار کی تیسری برسی پر اسے نمائش کے لیے پیش کرنے کا اعلان کردیا گیا۔فلم کی پروڈکشن کمپنی ’پینوراما اسٹوڈیوز‘ نے اپنی ٹوئٹ میں ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے فلم کو 28 اپریل کو ریلیز کرنے کی تصدیق کی۔جاری کیے گئے ٹریلر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی بھارتی دیہی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔ٹریلر میں عرفان خان اور گولشفتھ فرحانی کو جوڑی کے طور پر دکھایا گیا ہے۔فلم کی شوٹنگ بھارت کے صحرائی علاقے میں کی گئی ہے اور اس میں راجستھانی اور گجراتی دیہاتی زندگی اور ثقافت کو دکھایا گیا ہے۔فلم کی ہدایات انوپ سنگھ نے دی ہیں اور اس میں دیگر اداکاروں نے بھی شاندار کردار ادا کیے ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ عرفان خان کی تیسری برسی کے موقع پر فلم کو ریلیز کیے جانے کی وجہ سے یہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی اور ریکارڈ کمائی کرے گی۔