پرینیتی چوپڑا نے نجی زندگی میں دخل دینے پر میڈیا کو کھری کھری سنادی
ممبئی،اپریل۔ بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے نجی زندگی سے متعلق افواہیں پھیلانے پر میڈیا کو کھری کھری سنائی ہیں۔ ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی پیشہ ورانہ اور نجی زندگی میں بہت فرق ہے اور میڈیا حدود سے تجاوز کرکے ان کی نجی زندگی کو توہین آمیز طریقے سے موضوع بنارہا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی غلط فہمی سامنے آئی تو وہ اس کی وضاحت ضرور کریں گی لیکن اگر اس کی ضرورت نہ پڑی تو اپنے نجی معاملات کو کسی کے سامنے ظاہر نہیں کریں گی۔پرینیتی چوپڑا نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کام کیلئے اپنی نجی زندگی کبھی قربان نہیں کروں گی، میں نے ہمیشہ ان دونوں میں توازن رکھنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ اکثر سفر میں رہتی تھیں تو لوگ پوچھا کرتے کہ وہ سفر کیوں کرتی ہیں، کہاں جارہی ہیں؟ کیوں جارہی ہیں؟ لیکن ان کو یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ میری نجی زندگی بھی ہے۔بھارتی اداکارہ کا یہ انٹرویو اس وقت سامنے آیا ہے جو میڈیا میں یہ اطلاعات گردش کررہی ہیں کہ وہ انڈین سیاستدان راگھؤ چڈا کے ساتھ ڈیٹ کررہی ہیں۔