آئرلینڈ میں طیارہ ٹائر پھٹنے کے بعد زمین سے ٹکرا گیا
ڈبلن ،اپریل۔آئرلینڈ میں ایک طیارہ ٹائر پھٹنے کے بعد زمین سے ٹکرا گیا۔ یہ خوفناک صورتحال ڈبلن ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آئی جب لیورپول سے آنے والی پرواز کے ہوائی اڈے کے اندر اترتے ہی طیارے کا ٹائر پھٹ گیا۔ ایئرپورٹ پر ھنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا۔ طیارہ زمین سے ٹکرانے اور اس کا ایک ٹائر پھٹنے کے بعد طیارے کے مسافروں میں زبردست خوف و ہراس پھیل گیا۔ڈیلی میل کے مطابق ڈبلن ایئرپورٹ کے فائر ڈپارٹمنٹ نے فوری طور پراپنے رد عمل میں بتایا کہ واقعہ میں مسافروں میں سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔حادثے کے بعد ڈبلن ہوائی اڈے پر طیارے کی آمد و رفت معطل کر دی گئی۔ ہوائی اڈے کا جنوبی رن وے شام کے اوقات تک بند رہا۔ طیارے کو لینڈنگ کے مقام سے دور کرنے کے بعد آپریشن بحال کردیا گیا۔کمپنی ’’ Ryanair ‘‘ کے ترجمان نے بتایا کہ لیورپول سے ڈبلن جانے والی اس پرواز کو لینڈنگ کے وقت فرنٹ لینڈنگ گیئر میں معمولی تکنیکی مسئلہ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مزید تکنیکی جانچ کے لیے جہاز کو جلد ہی منتقل کر دیا جائے گا۔