دہشت گردی کا گڑھ اعظم گڑھ تعلیم اور موسیقی کا مرکز بن رہا ہے: امت شاہ

اعظم گڑھ، اپریل ۔مرکزی وزیر داخلہ وامداد باہمی امیت شاہ نے آج کہا کہ اعظم گڑھ جو دہشت گردی کے مرکز کے طور پر جانا جاتا تھا، ایک بار پھر ادبی، تعلیم، موسیقی اور مذہبی میدان کے طور پر اپنی شناخت قائم کر رہا ہے۔وزیر داخلہ جو یہاں 4600 کروڑ کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے آئے تھے، پروگرام کے بعد موجود جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کے کام کرنے کے انداز نے اتر پردیش کو جرائم اور فسادات سے پاک بنا دیا ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ اعظم گڑھ جو دہشت کا مرکز سمجھا جاتا تھا آج اس کا نام ادب، تعلیم اور موسیقی کی صورت میں قائم ہو رہا ہے۔گجرات میں اپنی وزارت داخلہ کے دوران احمد آباد میں ہوئے دھماکے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب احمد آباد دھماکے کا ملزم اعظم گڑھ سے پکڑا گیا تھا۔ ایس پی، بی ایس پی نے اعظم گڑھ کی شبیہ کو خراب کرنے کا کام کیا ہے۔ آج اسی اعظم گڑھ میں موسیقی کی وراثت کو عزت دینے کے لیے ایک میوزک کالج قائم کیا گیا۔ہریہر پور گاؤں کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس گاؤں کا نام ہری اور ہر دونوں ہے وہ اپنے آپ میں مکمل ہے۔ کسی زمانے میں یہاں گانے اور موسیقی کا مرکز ہوا کرتا تھا۔ چھنولال مشرا، امبیکا مشرا، ڈاکٹر منوج کمار مشرا جیسے کئی قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکار ہوا کرتے تھے۔ آج اسی گاؤں میں میوزک کالج کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔یوگی آدتیہ ناتھ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میوزک کالج گانا، موسیقی اور رقص سے محبت کرنے والوں تمام لوگوں کے کیریئر کو سنوارے گا۔ انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ کو اس کام کے لیے مبارکباد دی اور کہا کہ یہ میوزک کالج آنے والے دنوں میں پوری دنیا میں ہندوستان کا فخر بڑھائے گا۔ انہوں نے 2017 سے پہلے اتر پردیش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں صرف رمضان میں 24 گھنٹے بجلی دی جاتی تھی، لیکن آج بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے پورے اتر پردیش کو بجلی سے جوڑ کر ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ آج یہاں ہر گھر پانی کی اسکیم کا افتتاح کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کی ہے۔ پینے کا پانی گاؤں کے ہر گھر تک نل کے ذریعے پہنچنا چاہیے۔ آج اعظم گڑھ کے اندر 1358 نلکوں کی اسکیم شروع کی گئی ہے۔ آج اتر پردیش ترقی کی پہچان بن گیا ہے۔

Related Articles